نواز شریف دفتر حملہ:پی ٹی آئی کارکنوں کیخلاف مذمتی قرار داد جمع

4 Apr, 2022 | 01:06 PM

ویب ڈیسک: نواز شریف کے دفتر پر پی ٹی آئی کارکنوں کے حملے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرار داد جمع کر ا دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق لندن میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے دفتر پر حملے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع کرادی گئی،قرارداد مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری، حنا پرویز بٹ، سعدیہ تیمور اور سمیرا کومل نے جمع کرائی۔پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی قرارداد کے متن کے مطابق ایوان نواز شریف کے دفتر پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کارکنوں کے حملے کی مذمت کرتا ہے،قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ لندن پولیس کی جانب سے انتشار پسند عناصر کیخلاف کارروائی کی جائے.

خیال رہے کہ لندن میں مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف کے دفتر پر 15 سے 20 افراد نے حملہ کیا تھا، حملہ آوروں میں سے بعض نے ماسک پہن کر منہ چھپائے ہوئے تھے۔

 ذرائع کے مطابق حملہ آوروں اور مسلم لیگی ورکرز کے درمیان شدید لڑائی ہوئی، ہاتھا پائی میں 3 افراد زخمی ہوگئے تھے جبکہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر 4 افراد کو گرفتارکیا تھا۔

مزیدخبریں