ویب ڈیسک: عمران خان کے خلاف گزشتہ روز تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہونی تھی تاہم ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک کو آئین کے خلاف قرار دے کر مسترد کردیا۔
قرارداد مسترد ہونے کے بعد عمران خان نے قوم سے خطاب میں صدر پاکستان کو اسمبلی تحلیل کرنے کا کہا جس کے بعد صدر عارف علوی نے قومی اسمبلی تحلیل کردی۔
بعد ازاں کابینہ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کیا جس کے مطابق صدر مملکت کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 58 (1) کے تحت قومی اسمبلی تحلیل کرنے کے بعد عمران خان نیازی اب وزیراعظم نہیں رہے۔
تاہم اب صدر پاکستان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بیان جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق عمران احمد خان نیازی، نگران وزیراعظم کی تقرری تک وزیراعظم کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔
صدر پاکستان کے بیان میں کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 224A- (4) کے تحت نگران وزیراعظم کے آنے تک، عمران خان وزیراعظم کے طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کا بھی ایک بیان میں یہی کہنا تھا کہ عمران خان نگران وزیراعظم کے آنے تک آئین کے آرٹیکل 224A- (4) کے تحت اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔