ویب ڈیسک: سوشل میڈیا کا استعمال آج کے دور میں کافی بڑھ گیا ہے، سوشل میڈیا یا سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس جیسے فیس بک، ٹویٹر، یوٹیوب اور انسٹاگرام ایسے پلیٹ فارم ہیں جہاں آپ عوامی طور پر اشتراک کرنے کے لئے معلومات اور تصاویر شائع کرتے ہیں۔ کچھ لوگ قریبی دوست احباب کے ساتھ رابطے میں رہنے کے لئے سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہیں۔ لیکن ٹیکنالوجی کی مانیٹرنگ کرنے والے ماہرین نے صارفین کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔
ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ فیس بک کے پچاس کروڑ سے زائد صارفین کا ڈیٹا لیک ہوگیا۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق نامعلوم ہیکرز نے 106 ممالک سے تعلق رکھنے والے 53 کروڑ تیس لاکھ سے زائد فیس بک صارفین کا ذاتی ڈیٹا شیئر کردیا ہے۔ ہیکرز کی جانب سے انٹر نیٹ پر صارفین کے فون نمبر، تصاویر اور دیگر ذاتی معلومات شیئر کی گئی ہیں۔
ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہیکرز فیس بک صارفین کے نام، لوکیشن، ای میل اور ذاتی معلومات کو استعمال کر کے جعلی اکاؤنٹس بنا کر فراڈ کرسکتے یا صارفین کو کسی بھی وجہ سے مشکل میں ڈال سکتے ہیں۔ ہیکرز کا شکار ہونے والے صارفین میں سے 3 کروڑ 20 لاکھ کا تعلق امریکہ جبکہ ایک کروڑ برطانوی اور 60 لاکھ بھارتی بھی ہیں۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ہیکرز نے فیس بک صارفین کے خفیہ کوڈ، پاسورڈ تبدیلی کیلئے درکار معلومات بھی جاری کی ہیں۔