(مانیٹرنگ ڈیسک) شہری ہوجائیں خبردار، محکمہ موسمیات نے رواں ماہ اپریل میں بارشیں معمول سے کم اور درجہ حرارت زیادہ رہنے کی پیشگوئی کردی۔
جشن بہار کی وجہ سے لاہور شہر کا موسم خوشگوار ہے، درختوں پر کھلے رنگ برنگے پھول تازگی کا احساس پیدا کر رہے ہیں، صبح سے ہی سورج اور بادلوں میں آنکھ مچولی بھی جاری ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت31اور کم سے کم 21ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے ماہ اپریل کا آؤٹ لک بھی جاری کر دیا ہے جس کے مطابق اپریل میں بارشوں کے ایک یا دو سلسلے متوقع ہیں، پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں گرمی کی ایک دو لہریں آنے کا امکان ہے، جبکہ رمضان المبارک میں بالائی علاقوں کا درجہ حرارت نارمل اور زیریں علاقوں کا قدرے زیادہ رہے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اپریل میں بالائی پنجاب اور خیبر پختونخوا میں گرد آلود آندھیوں سے گندم کی فصل کو نقصان پہنچنے کا بھی خدشہ ہے، اپریل کے دوسرے ہفتے میں پولن سیزن ختم ہونے کا بھی امکان ہے .
لاہور سموگ اور آلودگی کی بنا پر پاکستان کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں تیسرے نمبر پرآگیا، شہر میں مجموعی طور پر ایئر کوالٹی انڈیکس 184 ریکارڈ کیا گیا ہے، شہر کی آب و ہوا مضر صحت قرار دیدی گئی ہے۔ محکمہ ماحولیات نے شہریوں کو گھروں سے باہر نکلتے وقت ماسک اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔
خیال رہے کہ شہر قائد میں گزشتہ روز اپریل میں 74سال کے بعد دوسرا بلند ترین درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔