خواجہ عمران نذیر کا ڈاکٹرز کو حفاظتی کٹس فراہم کرنے کا مطالبہ

4 Apr, 2020 | 07:14 PM

Arslan Sheikh

 ( عمر اسلم ) سابق صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کا ڈاکٹرز، نرسز کو حفاظتی لباس فراہم کرنے کا مطالبہ ،کہتے ہیں کہ حکومت کے پاس کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے کے لئے کوئی حکمت عملی نہیں۔

سابق صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ حکومت چین سے این 95 ماسک اور حفاظتی کٹس لے کر بھی ڈاکٹرز، طبی عملے کو فراہم نہیں کررہی۔ قوم کو بتایا جائے کہ چین نے جو حفاظتی لباس (پی پی ای) بھجوایا، وہ کدھر ہے۔

انھوں نے کہا کہ حیرت ہے کہ وفاقی حکومت کے زیرانتظام ہسپتالوں میں بھی سیلف میڈ پی پی ای استعمال ہورہے ہیں اور ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملے کو چین سے آئے پی پی ای فراہم نہیں ہوئے تو پھر یہ سامان کہاں ہے جبکہ غیرملکی میڈیا بھی پاکستان حکومت کی ڈاکٹرز، طبی عملے کو حفاظتی لباس نہ دینے کی حقیقت سامنے لارہا ہے۔

لیگی رہنما خواجہ عمران نذیر کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز اور نرسز شکایات کررہے ہیں کہ انہیں حفاظتی لباس فراہم نہیں کیا جارہا جبکہ جو حکومت ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملے کو حفاظتی لباس اور ماسک فراہم نہ کرسکے،اس سے اور کیا توقع کی جائے؟

کورونا وائرس سےپاکستان میں ہلاکتوں اور متاثرہ افراد کی تعداد تیزی سے بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے،  کورونا وائرس اب تک  پاکستان میں 40 افراد کی زندگیاں نگل چکا ہے،  پاکستان میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں میں سب سے زیادہ 14 ہلاکتیں سندھ میں ہوئی ہیں جبکہ خیبرپختونخوا  اورپنجاب میں 11،11، گلگت میں 3 اور بلوچستان میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

لاہور میں  کورونا مریضوں کی کل تعداد   210ہوگئی، جبکہ 5 افراد کی اموات ہوئیں، صوبہ پنجاب میں  کورونا وائرس کے1069کنفرم کیس ہیں، کیمپ جیل میں بھی 3 قیدیوں میں  کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، میو ہسپتال میں 129 اور 24 تصدیق شدہ مریض پی کے ایل آئی میں داخل ہیں۔  

مزیدخبریں