ہمارا مقابلہ کورونا کے ساتھ ساتھ بھوک سے بھی ہے: فردوس عاشق اعوان

4 Apr, 2020 | 03:34 PM

Sughra Afzal
Read more!

(قذافی بٹ) وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ہمارا مقابلہ کورونا کے ساتھ ساتھ بھوک سے بھی ہے، ہم اسے ٹی ٹوئنٹی میچ نہیں ٹیسٹ میچ کے طور پر دیکھ رہے ہیں، یہ وقت سیاسی بحث میں اُلجھنے کے بجائےسیاسی یکجہتی کا ہے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائےاطلاعات فردوس عاشق اعوان نے جناح ہسپتال میں کورونا آئسولیشن وارڈ  کا دورہ کیا اور  کورونا آئسولیشن سینٹر میں زیرعلاج مریضوں سے ملاقات کی اور ان کا حال احوال بھی دریافت کیا۔

دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ کوئی بھی حکومت 22 کروڑعوام کو   راشن فراہم نہیں کرسکتی، ہم غریب کے گھر کے چولہے جلانے کی کوشش کر رہے ہیں، یہ یکجہتی کا وقت ہے، کورونا کیخلاف جنگ اجتماعی کوششوں سے ہی جیتیں گے، کورونا کیخلاف ڈاکٹرز ہمارےسپاہی ہیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے جناح ہسپتال کے چیئرمین بورڈ آف گورنرز گوہراعجاز کو قوم کا سپوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان حالات میں جب کورونا ٹیسٹ کٹس کا مسئلہ تھا، گوہراعجاز نے مخیر حضرات کے تعاون سے یہ مشکل آسان کی، گوہر اعجاز اپنی مدد آپکے تحت جناح ہسپتال کے اندر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

واضح رہےکہ کورونا وائرس سےپاکستان میں ہلاکتوں اور متاثرہ افراد کی تعداد تیزی سے بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے، کورونا وائرس اب تک  پاکستان میں 40 افراد کی زندگیاں نگل چکا ہے،  پاکستان میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں میں سب سے زیادہ 14 ہلاکتیں سندھ میں ہوئی ہیں جبکہ خیبرپختونخوا  اورپنجاب میں 11،11، گلگت میں 3 اور بلوچستان میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران  ملک بھر میں 184 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 2583 ہوگئی، پنجاب میں سب سے زیادہ کیس رپورٹ ہوئے ہیں جہاں مریضوں کی تعداد  ایک ہزار 50 سے تجاوز کر گئی، کورونا کے پیش نظر لاہور سمیت ملک بھر میں لاک ڈاؤن جاری ہے، تجارتی مراکز، دکانیں، شاپنگ مالز بند ہیں۔

مزیدخبریں