ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

کورونا سے بچاؤ کیلئے موثر حفاظتی اقدامات بارے عبوری تحریری حکم نامہ جاری

کورونا سے بچاؤ کیلئے موثر حفاظتی اقدامات بارے عبوری تحریری حکم نامہ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ملک اشرف) لاہور ہائیکورٹ کے پانچ رکنی لارجر بنچ نے کورونا سے بچاؤ کیلئے موثر حفاظتی اقدامات بارے عبوری تحریری حکم نامہ جاری کردیا، عدالت  نے حکومت کو تمام شہروں میں جراثیم کش سپرے کرنے اور متاثرہ افراد کو مالی امداد اور خوراک کی بلاامتیاز فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیدیا۔

چیف جسٹس ہائیکورٹ کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ نے عبوری تحریری فیصلہ جاری کیا، بنچ کے سربراہ چیف جسٹس ہائیکورٹ محمد قاسم خان نے فیصلہ لکھوایا، فیصلے میں حکم دیا گیا کہ کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے لاہور اور ملتان میں خصوصی طور پر لیبارٹریز کا قیام عمل میں لایا جائے، کورونا سے بچاؤ کیلئے تمام شہروں میں بھی جراثیم کش سپرے کروایا جائے، لاہور، ملتان، ڈی جی خان ، بہاولپور، فیصل آباد کے کورونا سنٹرز کیساتھ ساتھ دیگر مقامات پر بھی جراثیم کش سپرے کیا جائے، متاثرین میں مالی امداد اور خوراک کی فراہمی کیلئے یکساں پالیسی اپنائی جائے۔

تحریری حکم میں مزید کہا گیاکہ غلہ منڈیوں میں ایک خاص وقت میں ہجوم بڑھ جاتا ہے، منڈیوں میں آنے جانیوالوں کی سکریننگ اور جراثیم سے پاک کرنے کے عمل کو یقینی بنایا جائے، سماجی فاصلے کو برقرار رکھا جائے، عدالتی حکم نامہ میں ڈاکٹرز اور اداروں کی بھی تعریف کی گئی ہے۔

عدالتی حکم میں سابق لارڈ میئر کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید کا بھی ذکر کیا گیا ہے کہ مبشر جاوید کے مطابق انکے پاس 3ہزار 607 سابق بلدیاتی نمائندوں کی ٹیم ہے اور وہ رضا کارانہ کام کرنا چاہتے ہیں، وہ مرضی سے کام کر سکتے ہیں، سستی شہرت کیلئے عدالتی کارروائی کا حصہ نہیں بننا چاہیے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں تباہی مچانے والا کورونا وائرس پاکستان میں بھی اپنے پھیلاؤ کو بڑھا رہا ہے اور ملک میں مزید نئے کیسز کے بعد تعداد  2583تک پہنچ گئی جبکہ ابھی تک 40 افراد  موت کے منہ میں چلے گئے جبکہ107 افراد کے صحت یاب ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔

Sughra Afzal

Content Writer