شمعون عباسی کی وطن واپسی کیلئے وزیراعظم سے اپیل

4 Apr, 2020 | 08:30 AM

Sughra Afzal

ایبٹ روڈ (زین مدنی ) تھائی لینڈ میں پھنسے اداکار شمعون عباسی نے وطن واپسی کیلئے حکومت سے مدد کی اپیل کردی، شمعون عباسی نے میڈیا کو بتایا کہ وہ اس وقت تھائی لینڈ کے شہر کنچھنا بوری میں موجود ہیں جہاں وہ اپنی فلم عشرت میڈ ان چائنا کی عکس بندی کے سلسلے میں گئے تھے تاہم کورونا وائرس کی وبا کے باعث فضائی سروس معطل ہونے سے وہ وہاں پھنس گئے ہیں۔

  شمعون عباسی کا کہنا تھا کہ ہم یہاں 25 فروری سے موجود ہیں، 25 مارچ کو ہماری واپسی کی فلائٹ تھی تاہم 21 مارچ کو ہمیں پتا چلا کہ کورونا وائرس کے باعث ائیرپورٹس کو بند کردیا گیا ہے ہم اس انتظار میں تھے کہ 4 اپریل کو فضائی سروس بحال ہونے کے بعد ہم کسی نہ کسی ایئرلائن سے وطن واپس آجائیں گے، ہم 21 افراد دو ہفتوں سے یہاں پھنسے ہیں آئندہ دنوں میں اخراجات میں اضافے کے باعث ہمیں مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے ساتھ اداکارہ سارہ لورین، محب مرزا ، صنم سعید اور امام سید سمیت 15 رکنی عملہ موجود ہے جبکہ بنکاک میں لاک ڈاﺅن کے باعث فلم کی دو دن کی شوٹنگ کو بھی منسوخ کرنا پڑا۔ ہماری پوری ٹیم تمام احتیاط کر رہی ہے اور صحتمند ہے ، ہم وطن واپسی پر تمام تر اقدامات اور عمل سے گزرنے کیلئے تیار ہیں لیکن کوئی ایئرلائن مسافروں کو لے کر جانے کیلئے تیار نہیں۔

 انہوں نے حکومت اور وزیر اعظم سے وطن واپسی میں مدد فراہم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے بتایا کہ یہاں کا سفارتخانہ ہمارے ساتھ تعاون کر رہا ہے لیکن ہمیں آپ کے مدد کی ضرورت ہے، ہمارے علاوہ مزید سو سے زائد پاکستانی موجود ہیں جو وطن جانا چاہتے ہیں، وزیر اعظم جائزہ لیں کہ 3 سے 11 اپریل تک پاکستانیوں کو واپس لانے والی پروازوں میں ہمیں کیسے وطن لایا جاسکے گا۔

مزیدخبریں