(سٹی 42)جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں100 فیصد اضافہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں آئینی درخواست ایڈووکیٹ ندیم سرور نے دائر کی، درخواست میں وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ادویات کی قیمتوں میں حکومت نے 9 سے 15فیصد تک اضافہ کیا جبکہ میڈیسن کمپنیوں نے قیمتیں 100 فیصد بڑھا دیں،درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت ادویات بنانیوالی کمپنیوں کیخلاف کارروائی کاحکم دے۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات فارما انڈسٹری نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی آشیرباد سے ادویات کی قیمتوں میں 100 سے 300 فیصد اضافہ کردیا، ملکی تاریخ میں شوگر، بلڈ پریشر اور دل کے امراض، معدے، جگر، دماغی امراض، نزلہ، زکام، بخار،درد اور ڈپریشن کی ادویات کی قیمتیں دو گنا سے بھی زیادہ بڑھا دی گئیں۔