لاہور کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارش، نشیبی علاقے زیر آب

3 Sep, 2024 | 08:51 AM

 فاران یامین،باسم سلطان: لاہور کے مختلف علاقوں میں رات گئے ہونے والی طوفانی بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ متعدد علاقوں میں بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا۔

صوبائی دارالحکومت میں مسلم ٹاؤن، کلمہ چوک، جوہر ٹاؤن، بھاٹی، مزنگ سمیت کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی، شہر کی بیشتر سڑکیں اور گلیاں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں، نشتر ٹاؤن میں سب سے زیادہ 201 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔  گلشن راوی میں 91، گلبرگ میں 86، لکشمی چوک میں 82 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، طوفانی بارشوں سے جل تھل ایک ہو گیا، بارشوں کا پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہونے سے انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

وزیراعلی ٰ پنجاب کی ہدایت پر ایم ڈی واسا نے کمشنر لاہور کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے نشیبی علاقوں کو فوری کلیئر کرنے کی ہدایت کی۔

لاہور میں بارش کا تیسرا بڑا سپیل جاری ہے، کمشنر لاہور کے مطابق، اس تیسرے سپیل کے دوران 9 ریننگ گیئر ایریاز میں اوسطاً 60 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے تمام سیوریج مقامات پر ایمرجنسی کیمپ نکاسی آب کے لیے فعال ہیں۔ اُنہوں نے  بتایا کہ واسا کی مشینری کو فعال رکھا گیا ہے اور ڈسپوزل سٹیشنز پر بیک اپ کو بھی فعال رکھا گیا ہے۔ نشیبی علاقوں اور مین روڈز سے منسلک ایریاز میں ایمرجنسی ٹیمیں نکاسی آب کو ممکن بنانے کے لیے کام کر رہی ہیں۔ اُن کی جانب سے انڈرپاسز میں نکاسی آب کے لیے مشینری کو فعال رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

ادھر فیصل آباد، شیخوپورہ، سیالکوٹ، سرگودھا سمیت پنجاب کے متعدد علاقوں میں بھی بارش ہوئی، کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے طوفانی بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے، ڈی جی پی ڈی ایم اے نے پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے متعلقہ محکمے الرٹ رہیں، صورتحال 24 گھنٹے مانیٹر کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں