اسوہ فاطمہ: اکتوبر، دسمبر میں سموگ سے بچاؤ کیلئے پنجاب حکومت نے ایک اور بڑے منصوبے کا آغاز کر دیا۔ ماحول کو زہریلے دھوئیں سے پاک کرنے کیلئے ایندھن کا معیار چیک کرنے کیلئے پنجاب بھر میں مسلسل گرینڈ آپریشن کیا جا رہا ہے۔
سینئروزیرمریم اورنگزیب کی ہدایت پرماحولیاتی تحفظ ایکٹ پنجاب مجریہ1997 کے سیکشن چھ ایک ٹی کے تحت حکم نامہ جاری کیا گیا ہے۔ پورے صوبے میں ہرماہ ہر پٹرول پمپ پر ایندھن کا معائنہ ہوگا۔
آئل مارکٹنگ کمپنیوں کے ہمراہ ماحولیاتی تحفظ کے ادارے کا عملہ بھی پٹرول پمپس پرایندھن کا معائنہ کرے گا۔ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کی فیول کوالٹی لیبارٹریوں سے پٹرول پمپس کےتیل کا کیمیائی تجزیہ ہوگا۔
اوگرا کی طرف سے ایندھن کے طے کردہ معیارکے مطابق جانچ پڑتال ہوگی۔ پنجاب حکومت کا حکم نامے کےمطابق قانونی معیار کے مطابق پٹرول اورڈیزل فروخت نہ کرنیوالے پٹرول پمپس کیخلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی، فصلوں کو تلف کرنے سے پھیلنے والے دھوئیں اور صنعتی آلودگی کے تدارک کیلئے گرفتاریاں بھی ہوچکی ہیں۔
اس منصوبہ سے ماحول کی آلودگی کم کرنے، سموگ کے خطرہ کو کم کرنے کے ساتھ گاڑیوں کے انجن کی پرفارمنس بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی جس سے شہریوں کے گاڑیوں کی مینٹینینس پر اٹھنے والے بھاری اخراجات میں خاطر خواہ کمی ہو گی۔