مانیٹرنگ ڈیسک: امریکی ریاست مسی سپپی کی تاریخ کا سب سے بڑا مگر مچھ پکڑا گیا لیکن بدقسمت مگرمچھ اپنی گرفتاری کی کوشش کے دوران مارا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی ریاست کی محکمہ وائلڈ لائف، فشریز اور پارکس کے مطابق مگرمچھ کا وزن 360 کلوگرام سے زائد اور اس کی لمبائی 14 فٹ 3 انچ ہے۔اس سے قبل پکڑے جانے والے سب سے بڑے مگرمچھ کی لمبائی 14 فٹ ایک انچ ریکارڈ کی گئی تھی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نر مگر مچھ کو ڈونلڈ ووڈز، ول تھامس، جوئے کلارک اور ٹینر وائٹ نامی چار مہم جو شکاریوں نے مارا ہے، مگرمچھ کو سن فلاورنامی چھوٹے دریا سے پکڑا گیا تھا۔
ڈونلڈ ووڈز شکاری کا کہنا تھا کہ رات کے 9 بجے ہمیں مگرمچھ نظر آیا تھا جسے شکار کرنے کا ارادہ کیا، 7 گھنٹے کی مسلسل کوشش کے بعد مگرمچھ مارا گیا، مگرمچھ کو پکڑنے کے لیے جال ڈالے گئے جو اس نے کئی مرتبہ توڑ ڈالے۔
یاد رہے کہ مسی سپپی کا یہ علاقہ مگرمچھوں کی مشہور شکار گاہ کے طور پر بھی جانا جاتا ہے جہاں امریکہ بھر سے لوگ ہر سال اگست کے مہینے میں آتے ہیں اور مگرمچھوں کا شکار کرتے ہیں۔