ایک طرف سیلاب کے نقصانات،دوسری جانب سرمایہ کاروں نے ہاتھ کھینچ لیا

3 Sep, 2022 | 02:18 PM

(سٹی42) پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور اس کے اثرات پر سرمایہ کار محتاط ہوگئے، ایک ہفتے میں 100 انڈیکس میں 282 پوائنٹس کی کمی ہوئی۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج  نے ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی، ایک ہفتے میں  100 انڈیکس 0.61 فیصد کمی سے 42309 پر بند ہوا، ایک ہفتے میں 34ارب روپے مالیت کے 1.05 ارب شئیرز کا کاروبار کیا گیا۔شئیرز کی قیمت کم ہونے سے ایک ہفتے میں مارکیٹ کپیٹلائزیشن میں 87ارب روپے کی کمی ہوگئی جس کے بعد مارکیٹ کپیٹلائزیشن  7023 ارب روپے رہ گئی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف کی قسط کے پاکستان کو ایک ارب 16کروڑ ڈالر پر مارکیٹ میں رینج باؤنڈ ایکٹویٹی دیکھی گئی، حکومت کی جانب سے سیلاب سے معیشت کو تقریبا 2 ہزار ارب کے قریب نقصانات کا اندازہ لگایا گیا۔کئی دہائیوں کے بعد پاکستان میں مہنگائی کی شرح اگست میں 27.3فیصد کی بلند  ترہم سطح پر پہنچنے پر سرمایہ کار محتاط ہوگئے۔

واضح رہےکہ شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں نے ملک میں ہرطرف تباہی مچادی ہے، ابھی تک سیلاب متاثرین بے سروسامان کھلے آسمان تلے امداد کے منتظر ہیں۔

این ڈی ایم اے نے بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق رپورٹ جاری کر دی ہے،  رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں  سیلاب اور بارشوں کے باعث 14 جون سے اب تک ایک ہزار 265 اموات ہوئیں، 12 ہزار 577 افراد زخمی ہوئے ہیں، بارشوں اور سیلاب سے 14 لاکھ 27 ہزار 39 مکانات کو مکمل اور جزوی نقصان پہنچا ہے، ملک بھر میں 7 لاکھ 35 ہزار 584 مویشی مر چکے ہیں۔

مزیدخبریں