محکمہ موسمیات نے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کردی

3 Sep, 2022 | 01:35 PM

(مانیٹرنگ ڈیسک) محکمہ موسمیات نے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کردی تاہم کراچی میں بادل برسنے کا کوئی امکان نہیں۔

شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں نے ملک میں ہرطرف تباہی مچادی ہے، ابھی تک سیلاب متاثرین بے سروسامان کھلے آسمان تلے امداد کے منتظر ہیں، اور دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ایک بار پھر بارشوں کی پیش گوئی کردی، محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے کم شدت کی ہوا مشرقی اور وسطی علاقوں میں داخل ہورہی ہے، جس کے باعث شاملی علاقوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے شمالی علاقوں گلگت، کشمیر، اسلام آباد، مری، راولپنڈی، چکوال اور دیگر اضلاع میں ہفتے کی رات سے منگل تک گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ کہیں کہیں موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے کشمیر، اسلام آباد اور سرگودھا سمیت بالائی پنجاب میں بارشیں متوقع ہیں۔ اتوار سے سوات، دیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے،   بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سیلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔ جب کہ سندھ بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے، شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 68 فیصد ہے، اس وقت شہر میں 21 کلو میٹر کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہے، تاہم بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

دوسری جانب لاہور میں موسم سختیاں دیکھانے لگا ، شہری بڑھتی گرمی کے ہاتھوں پریشان ہو گئےہیں۔ موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت 34 ریکارڈ کیا گیا ہے،آج بارش کا کوئی امکان موجود نہیں ہے۔

مزیدخبریں