(جمالدین جمالی)ہنجروال کے علاقے سے چار بچیوں کے اغوا کا معاملہ,مقدمہ میں ملوث دو خواتین ملزمان کی جیل سے ضلع کچہری میں پیشی، عدالت نے دونوں ملزمان خواتین کے جوڈیشل ریمانڈ میں چودہ روز کی توسیع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق ملزمہ شازیہ اور زینب کو جیل سے ضلع کچہری میں پیش کیا گیا، ملزمہ زینب کو اپنے دو بچوں کے ہمراہ جیل سے ضلع کچہری پیش کیاگیا،ملزمہ زینب عدالت میں روتی اور انصاف کے لئےدہائی دیتی رہی اس کا کہنا تھا میں نے بچیوں کی مدد کی تھی میں نے پولیس کو اطلاع کی تھی میں بے گناہ ہوں مجھے رہا کیا جائے۔
ملزمہ شازیہ اور زینب کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر کچہری میں پیش کیا گیا تھا،عدالت نے دونوں ملزمان خواتین کے جوڈیشل ریمانڈ میں چودہ روز کی توسیع کی۔
پولیس کے مطابق اس مقدمہ میں دو خواتین اور پانچ مرد ملزمان ملوث ہیں،ملزمان ہنجروال کی رہائشی ہیں، چارکمسن بچیوں کو لاہور سے اغوا کرکے ساہیوال لے لایا گیا اور وہاں ان بچیوں کو جسم فروشی کے لئے فروخت کرنا چاہتے تھے، پولیس نے ملزمان کو گناہ گار قرار دیا ہوا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ پیشی پرتفتیشی افسر کا کہناتھا کہ تفتیش مکمل ہو گئی ہے، مزید جسمانی ریمانڈ نہیں چا ہیے، ملزمان گناہ گار ہیں، ایک بچی عائشہ سے زیادتی کے شواہد ملے ہیں، ڈی این اے نمونے لیبارٹری بھجوا دیئے ہیں،ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا جائے۔
ملزموں کا کہناتھا کہ ہمیں معاف کردیں، ہم سے غلطی ہوگئی، 15 پر کال کرکے بچوں کا پولیس کے حوالے کردیا تھا، ہمارے بھی گھر میں چھوٹے بچے ہیں، پولیس نے ہم پر تشدد کیا، پورے پاکستان میں ذلیل ہوگئے ہیں نہ باہر جاسکتے ہیں۔
ملزموں کا مزید کہناتھا کہ بچیاں خود کہہ رہی تھیں کہ ہم نے گھر نہیں جانا، والد شراب پیتا ہے ہمیں مارتا ہے،بچیوں نے کہا کہ ہم گھر نہیں جانا چاہتی۔