سٹی42: وزارت قانون نے ملک بھر میں 120 نئی احتساب عدالتیں قائم کرنے کا پلان تیار کر لیا, ترجمان وزارت قانون کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں احتساب عدالتیں قائم کی جائیں گی ۔
تفصیلات کے مطابق وزارت قانون نے ملک بھر میں 120 نئی احتساب عدالتیں قائم کرنے کا پلان تیار کر لیا,وزارت قانون کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں احتساب عدالتیں قائم کی جائیں گی ۔ اس وقت ملک میں 24 احتساب عدالتیں کام کر رہی ہیں۔
ترجمان وزارت قانون کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت بلا تفریق احستاب کے لئے عدالتیں قائم کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کے چیف جسٹس گلزار احمد نے زیر التوا احتساب ریفرنسز جلد نمٹانے کی غرض سے ملک میں 120 نئی احتساب عدالتوں کے قیام کا حکم دیا تھا، چیف جسٹس نے وفاقی سیکرٹری قانون کو متعلقہ حکام سے ہدایات لے کر نئی عدالتیں قائم اور نئے ججز کی تعیناتی کا حکم دیا تھا، دوران سماعت انہوں نے ریمارکس دیے کہ بیس بیس سال سے نیب ریفرنسز زیر التوا ہیں، نیب ریفرنسز کا جلد فیصلہ نہ ہونے سے نیب قانون بنانے کا مقصد ختم ہو جائے گا۔
یاد رہے کہ نیب پراسیکیوٹر نے اس سال فروری میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ کو بتایا تھا کہ نیب عدالتوں میں 1226 زیر التوا مقدمات ہیں۔