صبا قمر کی برقعے میں عدالت پیشی، دوران سماعت آبدیدہ ہوگئیں

3 Sep, 2020 | 12:16 PM

Sughra Afzal
Read more!

(شاہین عتیق) مسجد میں گانے کی عکسبندی کا معاملہ، سیشن عدا لت نے اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کی عبوری درخواست ضمانت منظور کرلی، عدالت نے پچاس ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیدیا۔

ایڈیشنل سیشن جج چوہدری قاسم علی نے اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کی درخواست پر سماعت کی، اداکارہ صبا قمر برقعہ پہن کرعدالت میں پیش ہوئیں، جبکہ بلال سعید نے بھی حاضری مکمل کرائی، دوران سماعت اداکارہ صبا قمر آبدیدہ ہوگئیں، عدالت کے روبرو تفتیشی افسر نے بتایا کہ تحقیقات مکمل نہیں ہوئیں، مقدمے کے مدعی نے صبا قمر اور بلال سعید کی سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز فراہم نہیں کیں، جس پر عدالت نے تفتیشی افسر پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ ویڈیو یوٹیوب اور سوشل میڈیا پرپڑی ہیں، آپ وہاں سے لے لیتے، عدالت نے فریقین کے وکلاء کو حتمی بحث مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالتی حکم پر صبا قمر کے وکیل نے دلائل دیئے کہ صبا قمر اور بلال سعید مسلمان ہیں، انہوں نے مسجد کی توہین نہیں کی، دونوں سٹارز کو جھوٹ کا نشانہ بنایا گیا، صبا قمر اور بلال سعید کی عبوری درخواست ضمانتوں کو منظور کیا جائے۔

مدعی کے وکیل نے ضمانتوں کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ صبا قمر اور بلال سعید نے رقص کیا جس سے مسجد کا تقدس پامال ہوا، عدالت درخواست ضمانتوں کو مسترد کرنے کا حکم دے، عدالت نے درخواست ضمانتوں کو منظور کرتے ہوئے کہا کہ جزا اور سزا کا فیصلہ ٹرائل مکمل ہونے پر کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کے گانے کی مسجد وزیر خان میں شوٹنگ کے کچھ مناظر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد دونوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، صبا قمر اور بلال سعید کی جانب سے مسجد میں رقص اور اللہ کے گھر کی بے حرمتی کرنے کی تردید کی گئی تھی اور دونوں کی جانب سے معافی بھی مانگی گئی تھی۔اس معاملے پر مسجد وزیر خان کے منیجر کو معطل کر دیا گیا تھا جبکہ شدید تنقید کے بعد صبا قمر اور بلال سعید کے خلاف تھانہ اکبری گیٹ پولیس نے مقدمہ درج کیا تھا۔

مزیدخبریں