طیب سیف : پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دی جانے والی احتجاج کی کال کے بعد وفاقی دارالحکومت کو مکمل طور پر سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق احتجاج کو روکنے کے لیے 26 نمبر چونگی کو ٹیکسلا کے مقام سے کنٹینرز لگا کر سیل کیا جائے گا ، اس کے علاوہ فیض آباد ، سیکٹر آئی ایٹ، آئی جے پی ڈبل روڈ ، مارگلہ روڈ بھی کنٹینرز لگا کر بند کی جائے گی ۔ سنگجانی فیض آباد، سیکٹر جی الیون چوک ، گولڑہ موڑ فلائی اوور اور انڈر پاس پر بھی کنٹینرز پہنچا دیے گئے ۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ریڈ زون کے تمام داخلہ راستے کنٹینرز لگا کر بند کیے جائیں گے ، 5 اکتوبر سے ریڈ زون کی سیکیورٹی آرمی کے حوالے کر دی جائے گی۔ ریڈ زون کی سیکیورٹی کے لیے رینجرز کو تعینات کر دیا گیا ۔
ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر فیض آباد کو بند کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ۔ راستوں کی بندش کے لیے ہیوی مشینری پہنچا دی گئی ۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق مری روڈ اور ہائی وے ایکسپریس وے کو مکمل طور پر بند رکھا جائے گا ،فیض آباد اور ہائی وے ایکسپریس وے پر ڈبل لیئر میں کنٹینرز رکھے جائیں گے ۔ میٹرو بس سروس کو بھی کل مکمل طور پر معطل رکھا جائے گا ۔ راولپنڈی میں سیکورٹی کے لیے 4000 ہزار اہلکاروں کو تعینات رکھا جائے گا ۔