ویب ڈیسک : کوئٹہ میں بس کھائی میں گرنے سے 7 افراد جاں بحق، 30 زخمی ہوگئے۔
بروری بائپاس ہزارہ قبرستان کے قریب افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں باراتیوں کی بس کھائی میں جاگری، حادثے میں خاتون سمیت 7 افراد جاں بحق ، جبکہ 30 زخمی ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں ، جس کے بعد رسیکیو عملے کی جانب سے لاشوں اورزخمیوں کواسپتال منتقل کیا گیا ۔ حادثے کے بعد کوئٹہ کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافز کردی گئی ۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں خواتین اور بچے شامل بھی ہیں۔
بلوچستان کے وزیر اعلٰی میر سرفراز بگٹی نے بس حادثے پر اظہار افسوس کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ المناک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع افسوسناک اور دکھ کا باعث ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ، کوئی غفلت پائی گئی تو مواخذہ ہوگا ۔ انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہتر طبی امداد فراہم کی جائے ۔
انہوں نے کہا کہ جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، زخمی افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں ۔