علی ساہی : پنجاب پولیس نے بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کردی ۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گذشتہ ایک سال میں صوبہ بھر میں بجلی چوری میں ملوث 01 لاکھ 05 ہزار 753 افراد گرفتار کیے گئے، بجلی چوری کرنے والوں کے خلاف 140570 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ 96800 مقدمات کے چالان مکمل کرکے جمع کروائے گئے۔ اس کے علاوہ 20 ہزار سے زائد بجلی چوروں کو جیل بھجوایا گیا۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں 45242 بجلی چور گرفتار کرکے 45728 مقدمات درج کیے گئے۔ لاہور میں 23314 مقدمات کے چالان جمع کروائے گئے، 12146 ملزمان کو جیل بھجوایا گیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب پولیس کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کردیا گیا ہے ۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بجلی چوری مقدمات میں بلا تفریق کاروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے ملزمان کے خلاف زیرو ٹالرنس کے تحت سخت کاروائیاں جاری رکھی جائیں، بجلی چوری کے اشتہاریوں کو فوری گرفتار کیا جائے ، ریکوری کی شرح کو مزید بہتر بنایا جائے، متعلقہ بجلی کمپنیوں کے اشتراک سے مقدمات کا بلا تاخیر اندراج اور سخت لائحہ عمل اپنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ پولیس ٹیمیں بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن میں الیکٹرسٹی کمپنیوں کو بھرپور سپورٹ کی فراہمی جاری رکھیں ۔