نواز شریف کی حفاظتی ضمانت کیلئے قانونی ٹیم کی تیاری مکمل ہے، رانا ثنا اللہ

3 Oct, 2023 | 06:08 PM

سٹی42: مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللّٰہ نے کہا ہے کہ بابا رحمت المعروف بابا لعنتے کی سربراہی میں نواز شریف کو نکالا گیا،ہم معاشی طور پر تباہی کے دہانے پر کھڑے ہیں،فتنے کی حکومت کو گھر نا بھیجتے تو آج پاکستان ڈیفالٹ کرچکا ہوتا۔ اسٹیبلشمنٹ سے معاملات طےپانے کاتاثر بےبنیاد ہے،پوری قوم نوازشریف کی وطن واپسی کی منتظر ہے۔

رانا ثنا اللہ نے یہ باتیں مسلم لیگ نون کے رہنماؤں  ملک محمد احمد خان، ملک رشید احمد خان، سعود مجید، سردار عرفان ڈوگر اور عظمی بخاری کے ساتھ  لاہور پریس کلب میں نیوز کانفرنس میں کہیں۔ انہوں نے کہا کہ  نواز شریف کی حفاظتی ضمانت کیلئے قانونی ٹیم نے تیاری مکمل کرلی ہے۔ نواز شریف 21 اکتوبر کو پاکستان آرہے ہیں، مینارِ پاکستان پر استقبال اور خطاب ہو گا۔پورے ملک سے کارکن میاں نوازشریف کے استقبال کیلئے لاہورپہنچیں گے،

 رانا ثنا اللّٰہ نےکہا کہ، ہم نے کسی پر مقدمہ نہیں بنایا، کوئی جیل میں ہے تو اپنی حرکتوں کی وجہ سے ہے، 9 مئی کو سازش کے تحت پاکستان کے دفاع پر حملہ کیا گیا۔  اگر یہ لوگ 9 مئی کو کامیاب ہو جاتے تو تباہ کُن اثرات ہوتے، معاشی طور پر اس وقت ہم تباہی کے دہانے پر کھڑے ہیں۔ فتنے ،فساد کا تجربہ نہ کیا جاتا توآج سی پیک مکمل ہوچکا ہوتا،انتقامی سوچ نے ملک کو دلدل میں دھکیلا ہے،ہم بھی سب کو پکڑنے میں لگ جائیں گےتوملک ترقی نہیں کریگا۔

 رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن اپنے قائد میاں نواز شریف کو 21 اکتوبر کو ویلکم کرنے کیلئے تیار ہے،پوری قوم نواز شریف کو نجات دہندہ کے طور پر ویلکم کیلئے تیار ہے،قوم کو جب بھی نواز شریف کی ضرورت پڑی تو مشکل وقت میں نواز شریف نے قوم کو مسائل سے نجات دلائی،مسلم امہ کی پہلی ایٹمی طاقت بنا کر نواز شریف نے پاکستان اور مسلم امہ میں منفرد مقام دلایا۔

 رانا ثنا اللّٰہ کا کہنا تھا کہ 2013 میں پاکستان لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کے عذاب میں مبتلا تھا مسجدیں، بازار اور امام بارگاہیں محفوظ نہیں تھیں،لوگ کہتے تھے کہ ان دو مشکلات سے جان چھوٹ جائے تو ملک آگے بڑھ سکتا ہے،اس وقت قوم نے نواز شریف کو مینڈیٹ دیا اور دنیا نے دیکھا پاکستان ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوا،نام نہاد نئے پاکستان کے ایجنڈے نے وطن عزیز کو مسائل سے دوچار کیا۔

مزیدخبریں