ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

کوئٹہ میں دو روز میں زلزلے کا خدشہ، کان کنی پر پابندی،سخت حفاظتی انتظامات

Quetta earthquake warning, City42
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: کوئٹہ کول مائنز میں کان کنی پر پابندی عائد کردی گئی اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ نے تمام کان مالکان کو خبردار کیا ہے کہ  کسی بھی انسانی  جان کے زیاں کی صورت میں مائنز اونرز زمدار ہوگا۔

زلزلےکے خدشے پر کوئٹہ کی ضلعی انتظامیہ نے 2  روز کے لیےکان کنی پر  پابندی لگادی۔اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے ضلع میں 2 روز کے لیے کان کنی پر پابندی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 2 روز تک کان کنوں کو کانوں میں جانےکی اجازت نہیں ہوگی، 2 روز کے دوران کسی بھی نقصان کی ذمہ داری کان مالک یا ٹھیکیدار  پر ہوگی۔

دریں اثنا  کوئٹہ و بلوچستان میں زلزلے کی پیش گوئی کے متعلق کوئٹہ انتظامیہ نے اپنا موقف جاری کردیا ہے۔

ترکیہ میں زلزلے سے قبل پیش گوئی کرنیوالے ڈچ سائنسدان کی کوئٹہ و چمن میں زلزلے کی پیشگوئی کے بعد کوئٹہ کے شہریوں میں بے چینی پر کوئٹہ انتظامیہ نے کہا ہے کہ ڈچ سائنسدان کی کوئٹہ و چمن میں زلزلے کی پیشگوئی سے متعلق محکمہ موسمیات کی جانب سے کوئی تصدیق نہیں کی گئی ہے ۔

کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات  نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عوام کی جانب سے بار بار رابطہ کرنے پر پریس ریلیز جاری کررہے ہیں۔ زلزلے سے متعلق پیش گوئی کے بعد سے فرضی مشقیں کررہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ۔پی ڈی ایم اے ۔ایم ایک آر سی۔ایف سی ۔آرمی۔انتظامیہ۔لیویز۔پولیس سمیت تمام ادارے تیار ہیں۔

کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات نے مزید بتایا کہ نقشوں کے بغیر تعمیر کئے گئے  پلازوں اور بوسیدہ تعمیرات وغیرہ کیخلاف ایکشن شروع ہے۔ چوبیس گھنٹے صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ہم زلزلے کے صحیح وقت یا شدت کا اندازہ نہیں لگا سکتے، لیکن رہائشیوں کے لیے باخبر رہنا اور تیار رہنا ضروری ہے۔

کوئٹہ میں زلزلہ کا خدشہ کیوں؟

ایک زلزلہ پیما ریسرچ انسٹیٹیوٹ "سولر سسٹم جیومیٹری سروے " (ایس ایس جی ایس) نےگزشتہ روز چمن فالٹ لائن میں معمول سے مختلف سیسمک ایکٹیویٹی کا مشاہدہ کرنے کے بعد  آئندہ دو روز میں زلزلے کی پیش گوئی کردی تھی۔

زلزلہ پیما ریسرچ انسٹیٹیوٹ سولر سسٹم جیومیٹری سروے (ایس ایس جی ایس) نے اتوار کے روز  بتایا  کہ بلوچستان میں زیرِ زمین چمن فالٹ لائن میں تیز لرزش ریکارڈ کی گئی ہے اور اس علاقے میں ممکنہ طور پر آئندہ دو دن میں (یا اس کے بعد آنے والے کچھ دنوں میں) کوئی طاقتور زلزلہ آ سکتا ہے جس کی شدت پر 6 یا اُس سے زیادہ ہو سکتی ہے۔

 ایس ایس جی ایس کے مطابق سطح سمندر کے قریب فضا میں برقی چارج کے اتار چڑھاؤ کو ریکارڈ کیا گیا، جس کی وجہ سے نقشے میں جامنی رنگ والے علاقوں (بشمول پاکستان کے صوبہ بلوچستان) میں آئندہ چند روز میں طاقتور زلزلہ آ سکتا ہے۔ ایس ایس جی ایس نے چمن فالٹ لائن کو انتہائی طاقتور ممکنہ زلزلہ کا ریجن قرار دیا ہے۔

چمن فالٹ لائن کیا ہے؟

پاکستان میں جنوبی ایشیا کی سب سے بڑی فالٹ لائن ہے جسے چمن فالٹ سسٹم کہا جاتا ہے، یہ 900 کلومیٹر طویل ہے اور اسی فالٹ سسٹم پر 31 مئی 1935 کی دوپہر کو کوئٹہ میں ہولناک زلزلہ آیا اور کئی ہزار افراد ہلاک ہوگئے۔ اس فالٹ لائن میں افغانستان اور پاکستان کے علاقے آتے ہیں۔