(ویب ڈیسک) میٹا سے واٹس ایپ ایک مفت پیغام رسانی اور ویڈیو کالنگ ایپ ہے۔ اسے 180 سے زیادہ ممالک میں 2B سے زیادہ لوگ استعمال کرتے ہیں۔ یہ سادہ، قابل اعتماد اور نجی ہے، صارفین اپنے دوستوں اور خاندان کے ساتھ آسانی سے رابطے میں رہ سکتے ہیں۔ واٹس ایپ کی کچھ ایسی ٹرکس بھی ہیں جن سے بہت سے لوگ لاعلم ہیں۔
تفصیلات کےمطابق واٹس ایپ دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ ہے جس میں متعدد فیچرز موجود ہیں۔اربوں صارفین اس ایپ کو استعمال کرتے ہیں مگر کروڑوں کو اس میں چھپے چند بہترین فیچرز کا علم ہی نہیں ہوتا۔ واٹس ایپ کی ایسی ہی چند ٹرکس کے بارے میں جانیں جو اس پلیٹ فارم میں آپ کے بہت زیادہ کام آسکتی ہیں۔
ویسے تو یہ فیچر میٹا کی زیرملکیت ایپ میں کئی برس سے موجود ہیں مگر حیران کن طور پر اب بھی متعدد افراد کو اس کا علم نہیں۔اگر آپ اپنے میسج کو بولڈ کرنا چاہتے ہیں تو میسج کے شروع اور آخر میں * کا اضافہ کردیں، جیسے *biscuit*۔
اسی طرح اٹالک کے لیے میسج کے شروع اور آخر میں _ کو لگانا ہوگا، جیسے _text_، جبکہ اسٹرائیک تھرو اسٹائل کے لیے جملے کے آخر اور شروع میں ~ کا اضافہ کرنا ہوگا، جیسے ~text~۔
کسی میسج کے شروع اور آخر میں ``` کا اضافہ کرکے آپ مونو اسپیس فونٹ میں بھی اپنے پیغام کو تحریر کرسکتے ہیں۔اگر آپ اپنے قیمتی موبائل ڈیٹا (انٹرنیٹ) کو بچانا چاہتے ہیں تو میڈیا ڈاؤن لوڈ کے آپشن کو ڈس ایبل کرسکتے ہیں۔
اس مقصد کے لیے ایپ کی سیٹنگز میں جاکر سٹوریج اینڈ ڈیٹا پر جائیں اور وہاں میڈیا آٹو ڈاؤن لوڈ کے آپشن کا انتخاب کریں۔اس سیکشن میں آپ موبائل ڈیٹا، وائی فائی یا رومنگ میں ڈاؤن لوڈ کا انتخاب کرسکتے ہیں۔
واٹس ایپ کالز اس پلیٹ فارم کا اہم فیچر ہے اور اچھی بات یہ ہے کہ کمپنی نے موبائل ڈیٹا کی بچت کا بھی خیال رکھا ہے۔اس مقصد کے لیے سیٹنگز میں سٹوریج اینڈ ڈیٹا پر جاکر Use less data for calls کے آپشن کو ان ایبل کردیں۔
واٹس ایپ میں ڈیٹا بریک ڈاؤن ٹریکر بھی موجود ہے جس سے آپ جان سکتے ہیں کہ گوگل ڈرائیو، رومنگ، واٹس ایپ کالز، اسٹیٹس اپ ڈیٹس، میسجز، میڈیا اور دیگر میں کس حد تک ڈیٹا آپ بھیج یا موصول کرچکے ہیں۔اس کے لیے سیٹنگز میں اسٹوریج اینڈ ڈیٹا میں نیٹ ورک یوزایج میں جائیں۔
واٹس ایپ میں لوکیشن پن کو بھیجنا کافی آسان ہے، اس کے لیے جہاں میسج تحریر کرتے ہیں اس کے برابر میں موجود پیپر کلپ کے آئیکون پر کلک کرکے لوکیشن کے آپشن کا انتخاب کریں۔تاہم اگر آپ چاہتے ہیں کہ مخصوص دوست یا گھروالے آپ کی نقل و حرکت کو رئیل ٹائم میں ٹریک کرسکیں تو اس کے لیے پیپر کلپ آئیکون پر کلک کرکے لوکیشن اور پھر شیئر لائیو لوکیشن پر جائیں۔
آپ 15 منٹ سے 8 گھنٹے کے وقت کا تعین بھی کرسکتے ہیں جس کے دوران یہ ٹریکنگ کی جاسکے گی اور ہاں اسی طرح ٹریکنگ لوکیشن کو روکا بھی جاسکتا ہے۔ واٹس ایپ میں ہر فرد کے اکاؤنٹ میں متعدد کانٹیکٹس ایڈ ہوتے ہیں، تو کئی بار میسج الرٹس کی بھرمار ذہن کو گھما دیتی ہے۔
اس کا حل تو نوٹیفکیشن الرٹ کو ہی بند کردینا ہے مگر ایک اور طریقہ بھی کاسٹیوم نوٹی فکیشنز کی شکل میں موجود ہے۔اس کو استعمال کرنے کے لیے مطلوبہ چیٹ کو اوپن کرکے اوپر کانٹیکٹ کے نام پر کلک کریں اور پھر کاسٹیوم نوٹیفکیشن کا انتخاب کریں۔
اگر آپ کسی گروپ یا کانٹیکٹ کے میسجز سے تنگ آچکے ہیں مگر اسے بلاک کرنا نہیں چاہتے تو میوٹ کا آپشن استعمال کرسکتے ہیں۔