ویب ڈیسک: مسلم لیگ ن کی نائب صدر کو پاسپورٹ واپس کرنے کے لاہور ہائی کورٹ کے حکم کے بعد مریم نوازکی بیرون ملک روانگی کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں جب کہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مریم نواز اپنے والد سابق وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ وطن واپس آئیں گی۔
ن لیگی ذرائع کے مطابق مریم نواز پاسپورٹ ملنے کے بعد رواں ماہ کے دوران ہی لندن روانہ ہوں گی، اس سلسلے میں عدالتی حکم جاری ہوتے ہی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں، جن کے مطابق مریم نواز کی 2 علیحدہ پروازوں پر ٹکٹیں آج ہی بک کروائی جائیں گی اور پاسپورٹ ملنے کے بعد مریم نواز کی بیرون ملک روانگی کے تمام قانونی تقاضے مکمل کیے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز کا پاسپورٹ بدھ کے روز تک واپس ملنے کا امکان ہے، جس پر برطانیہ کا ویزا لگا ہوا ہے۔ مریم نواز تقریباً 3 سال کے بعد اپنے والد سے ملیں گی۔ مریم نواز اپنے والد کی عیادت اور اپنی سرجری کے لیے پہلے بھی لندن جانا چاہتی تھیں۔ علاوہ ازیں وہ پاسپورٹ نہ ہونے کے باعث لندن میں اپنے بیٹے جنید صفدر کی تقریب نکاح میں بھی شریک نہیں ہو سکی تھیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق مریم نواز لندن میں طویل عرصے سے التوا کا شکار اپنی سرجری کے لیے بھی معالجین سے ملنے کے علاوہ اپنے والد اور بھائیوں کے ساتھ کچھ وقت گزاریں گی۔ مریم نواز اپنے والد، سابق وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ ملکی سیاسی و معاشی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی کریں گی۔
ذرائع نے بتایا کہ مریم نواز لندن روانگی سے قبل پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کریں گی اور نواز شریف کو پارٹی کی اجتماعی رائے اور سیاسی حکمت عملی پر بریف کریں گی۔علاوہ ازیں مریم نواز اپنے والد کو جلد از جلد وطن واپسی پر قائل کریں گی۔اس سلسلے میں امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مریم نواز، نواز شریف کے ہمراہ وطن واپس آئیں گی۔