( بسام سلطان ) گنگا رام ہپستال کی ایم آر آئی مشین خراب ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا، ایم آر آئی ٹیسٹ کروانے کیلئے آنے والے مریض مایوس واپس لوٹنے پر مجبور ہوگئے۔
گنگارام ہسپتال میں تشخیصی سہولیات بند ہونا معمول بن گیا۔ پہلے ایکو مشین طویل عرصہ خراب رہی تو اب ایم آر آئی مشین بند ہو گئی ہے۔ ایم آر آئی مشین بند ہونے سے مریضوں کو تین تین ماہ کا وقت دیا جانے لگا۔ انتظامیہ نے بتایا کہ مشین کی مرمت کی جا رہی ہے، چند روز میں مشین کو چالو کر دیا جائے گا جبکہ ہسپتال میں ایم آر آئی کیلئے آنے والے مریض مایوس واپس لوٹنے پر مجبور ہیں۔
دوسری جانب پنجاب میں ڈینگی وائرس کے مزید 4 کنفرم کیسز سامنے آئے ہیں۔ ان میں سے 3 کا تعلق لاہور اور ایک مریض کی تصدیق ٹوبہ ٹیک سنگھ سے کی گئی ہے۔ رواں برس ڈینگی بخار کے لاہور میں کنفرم مریضوں کی تعداد 31 ہوگئی ہے۔ پنجاب بھر میں 76 کنفرم مریضوں کی اب تک تصدیق کی گئی ہے۔
چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور میں 17 اور صوبے بھر میں مجموعی طور پر 455 مشتبہ مریض ہسپتالوں میں رپورٹ ہوئے ہیں۔ ترجمان پرائمری ہیلتھ کے مطابق اس وقت ڈینگی بخار کے 7 مریض بدستور زیر علاج ہیں۔ ترجمان کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران صوبے بھر میں 6611 مقامات سے ڈینگی لاروا برآمد ہوا ہے۔