پنجاب پولیس کے ڈرائیورز بھی شاہی افسر نکلے

3 Oct, 2020 | 05:02 PM

Arslan Sheikh
Read more!

( علی ساہی ) پولیس ڈرائیورز کا 15 دن ڈیوٹی اور 15 دن چھٹی پر جانے انکشاف، افسران نے ورکشاپ پر بھرتی کیے گئے 39 مکینک بھی بطور ڈرائیور رکھ لیے جبکہ ایس ایس پی ایم ٹی نے میکنکس کو واپس ورکشاپ بلا لیا۔

پنجاب پولیس کر ڈرائیورز کا شاہانہ انداز سامنے آگیا ہے۔ ڈرائیور بھی افسران کی طرح ڈیوٹیز سرانجام دینے لگے۔ ڈرائیور حضرات 15 دن ڈیوٹی اور 15 دن آرام کرنے لگے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر سے شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ ڈرائیور آپس میں ساز باز کرکے کئی کئی دن ڈیوٹی سے غائب ہوجاتے ہیں، جس کی وجہ سے فیلڈ میں پریشانی کا سامنا ہے۔

دوسری طرف اعلیٰ افسران نے اپنی مرضی سے پولیس ورکشاپس کے لیے بھرتی کیے گئے مکینک اپنے ساتھ بطور ڈرائیور رکھے ہوئے ہیں، ان تمام شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈی آئی جی ٹیلی کمیونیکشن نے 39 مکینک واپس بلا کر ورکشاپ میں ریپئرنگ کے لیے تعینا ت کردیئے۔

ڈرائیورز کو ڈیوٹی کے لئے ایس او پیز جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ڈرائیورایک ماہ میں 26 دن ڈیوٹی کے پابند ہوں گے۔ ایک گاڑی کے ساتھ ایک ڈرائیور ہی تعینات کیا جائے گا۔ صرف 24 گھنٹے گشت کرنیوالی گاڑی پر 2 ڈرائیورز کی اجازت ہوگی، گاڑی کی مرمت کے ذمہ دار ڈرائیور ہوں گے اور روزانہ کی بنیاد پر لاگ بک تیار کرنے کے پابند ہونگے۔

ڈی ایس پی یا ایس پی ماہانہ تمام گاڑیوں اور ڈیوٹیز سے متعلق ریکارڈ چیک کریں گے جبکہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔

مزیدخبریں