(علی عباس)وزیراعلی پنجاب کے زیراستعمال ہیلی کاپٹرخزانے پر بوجھ بننے لگے۔سردارعثمان بزدارکے زیراستعمال ہیلی کاپٹرکی چند گھنٹےکی اڑان سے محکمہ خزانہ پریشان ہوگیا، ہیلی کاپٹر کی مرمت کے لیےمزید 2 کروڑ 35 لاکھ روپے مانگ لئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کے زیراستعمال ہیلی کاپٹرخزانے پر بوجھ بننے لگے۔ وی آئی پی فلائٹس سیکشن کی جانب سےایک بار پھر محکمہ خزانہ پنجاب سے رجوع کیا گیا ہےکہ وی آئی پی فلائٹس کی مرمت اور دیگرضروری اقدامات کےلیےفنڈز کا اجرا کیا جائے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ محکمہ خزانہ پنجاب نےیہ ایجنڈا کابینہ کو ارسال کردیا ہے۔ سروس رینڈرڈ،ٹیکس اور ایئرٹرانسپورٹ کی مد میں وی آئی پی فلائٹس کی جانب سےفنڈز مانگے گئے ہیں۔ وی آئی پی فلائٹس کے پائلٹس کونئے کورسز کی تربیت بھی کرائی جائےگی۔ اس سے قبل بھی ہیلی کاپٹر کی مرمت اور پرزوں کے لیے 2 کروڑ 79 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی تھی۔ کاک پٹ کی تبدیلی کے لیے52 لاکھ روپے دیئے گئے تھے،جبکہ فلائٹ ڈیٹا ایکوزیشن یونٹ کی تبدیلی پر 2 کروڑ 26 لاکھ روپے اخراجات کیے گئےہیں۔
یاد رہے یہ وہی پی ٹی آئی حکومت ہے جس نے اقتدار میں آنے سے پہلے عوام کے سامنے وی آئی پی پروٹوکول کی کھلم کھلا مذمت کرتے ہوئے سابقہ حکومتوں کو باتیں کسی تھیں۔ تبدیلی سرکار کی ہردعویٰ ایک خواب اور فریب کی حد تک محدود ہے ۔