دوہرے قتل کا کیس، کویت میں گرفتار ملزم کی حفاظتی عبوری ضمانت خارج

3 Oct, 2020 | 10:51 AM

Sughra Afzal

(ملک اشرف)  لاہور ہائیکورٹ میں دوہرے قتل کے مقدمہ میں ملوث ملزم کی حفاظتی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت ،عدالت نے کویت میں گرفتار ملزم شوکت علی کی حفاظتی عبوری ضمانت خارج کر دی، جسٹس سید شہباز علی رضوی نے ریمارکس دیئےملزم قتل کے جرم میں کویت میں گرفتار ہو چکا ہے،عبوری ضمانت کاحقدار نہیں۔

جسٹس سید شہباز علی رضوی نے ملزم شوکت علی کی حفاظتی عبوری ضمانت پر خصوصی سماعت کی ،ایس ایس پی انویسٹی گیشن گوجرانوالہ ڈاکٹر رضوان سمیت دیگرپولیس افسران پیش ہوئے ، وکیل صفائی نےکہاکہ ملزم پر تھانہ کامونکی میں محمد افضل اور ارشد کے قتل کامقدمہ درج کیا گیا ۔ ملزم پر قتل کرکے کویت فرار ہونے کا الزام ہے۔ملزم پاکستان آ کر مقدمے کا دفاع کرنا چاہتا ہے۔

وکیل صفائی نےاستدعاکی کہ ملزم بے قصور ہے، عدالتوں تک رسائی کیلئے حفاظتی عبوری ضمانت منظور کی جائے ۔ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل نے درخواست ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا پولیس کی ابتدائی تفتیش میں ملزم قصور وار ہے، گرفتاری کیلئے ریڈ وارنٹ جاری کئے گئے،کویتی حکومت نے ملزم کو گرفتار بھی کر لیاہے، کویت اور پاکستان میں ملزموں کے تبادلے کا معاہدہ موجودہے،ملزم کو پانچ اکتوبر کو پاکستان لایا جارہا ہے۔گرفتاری کے بعد ملزم عبوری ضمانت کا حقدار نہیں ۔

عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد ملزم کی حفاظتی عبوری ضمانت خارج کر دی ،کیس کی اہمیت کے پیش نظر ہفتے کے روز کیس سنایا  گیا ۔

مزیدخبریں