جیل روڈ (زاہد چودھری) لاہور میں کورونا وائرس سے ایک اور موت ، مزید 55 شہریوں کے کورونا کا شکار ہونے کی تصدیق، پنجاب بھر میں مجموعی طور پر کورونا کے 126 نئے کیسز اور 2 اموات ہوئیں ۔ کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ جاری ہے ۔
لاہور میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 49949 اور اموات 865 ہوگئی ہیں ۔ پنجاب بھر میں مجموعی طور پر کورونا کے 126 نئے کیسز اور 2 اموات ہوئی ہیں ۔ کورونا کیسز کی صوبے میں مجموعی تعداد 99605 ہوگئی ہے اور صوبے میں اب تک کورونا سے 2235 اموات ہوچکی ہیں ۔ کورونا کا شکار ہونے والوں میں سے 95687 مریض اب تک صحت یاب ہوچکے ہیں ۔
علاوہ ازیں کئی تعلیمی اداروں کی جانب سے طلبہ اور اساتذہ کو کورونا ٹیسٹ لازمی کروانے کے احکامات کو محکمہ پرائمری ہیلتھ نے غیر ضروری قرار دیدیا۔ حکومت کی ہدایت پر پرائمری ہیلتھ تعلیمی اداروں میں رینڈم سیمپلنگ خود کر رہا ہے ہر طالبعلم اور ٹیچر کیلئے ٹیسٹ ضروری نہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس انسانوں سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے، کورونا وائرس کی علامات میں سانس لینے میں دشواری، بخار، کھانسی اور نظام تنفس سے جڑی دیگر بیماریاں شامل ہیں، شہری کورونا وائرس سے بچنے کیلئے ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب کریں، گرم پانی پیئں اور ماسک استعمال کریں۔