مسلم لیگ ن کی اہم شخصیت کیخلاف مقدمہ درج، حوالات میں بند

3 Oct, 2020 | 08:59 AM

M .SAJID .KHAN

(سٹی42)رہنما مسلم لیگ ن نہال ہاشمی کے اہلخانہ اور پولیس میں جھگڑا ہوا، پولیس نے مقدمہ درج کرکے نہال ہاشمی اوران کے دو بیٹوں کوگرفتارکرلیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی کے اہلخانہ اور پولیس اہلکاروں میں مبینہ طور پر جھگڑا ہوگیاتھا۔ پولیس اہلکار نہال ہاشمی کے دونوں بیٹوں کو تھانے لے گئے۔ نہال ہاشمی بھی اہلیہ سمیت سعود آباد تھانے پہنچے۔سعود آباد تھانے کے باہر ن لیگ کے کارکنان جمع ہوگئے تھے۔

ذرائع کا کہناتھا کہ نہال ہاشمی کے بیٹوں نے تھانے میں پولیس اہلکاروں پر تشدد کیا،بیٹے نے تشدد نہال ہاشمی کے سامنے کیا اور اہلکار کو گلے سے پکڑ لیا، نہال ہاشمی کے بیٹوں نے دو بار پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا اور وردیاں پھاڑی، نہال ہاشمی بھی پولیس اہلکاروں کو مسلسل ڈانٹتے رہے اور زدوکوب کیا۔

ترجمان ن لیگ سندھ اسدعثمانی کا کہناتھا کہ سعودآباد تھانے کے باہر مسلم لیگ کے کارکنان جمع گئے تھے، نہال ہاشمی کےبیٹوں حسین ہاشمی اور نصیر ہاشمی کو بھی گھر سے اٹھا کر لیجایا گیا، کورڈینٹر اسد عثمانی کا مزید کہناتھا کہ پولیس اہلکار سعود آباد کے علاقے میں بھتہ خوری کر رہے تھے، نہال ہاشمی کے بیٹے نے مداخلت کی اور بھتہ لینے سے روکا۔تھوڑی دیر بعد پولیس کی دو گاڑیاں آئی اور نہال ہاشمی اور انکے صاحب زادوں کو تھانے لے گئی۔

ایس ایس پی کورنگی کے مطابق نصیرنہال کاکسی سے جھگڑاہورہا تھا، ایس ایچ اوموقع پرپہنچے،تونصیرنہال نے گالیاں دینا شروع کردیں،لیگی رہنما نہال ہاشمی کے دونوں بیٹوں نےاہلکاروں کوتھپڑ بھی مارے۔ نہال ہاشمی اور انکے بیٹوں کے خلاف سعود آباد تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا،مقدمہ کار سرکار میں مداخلت ، پولیس پر حملہ اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا، نہال ہاشمی اور ان کے بیٹوں کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

مزیدخبریں