عمر اسلم: بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیخلاف پنجاب اسمبلی میں لیگی رکن صوبائی اسمبلی اسوہ آفتاب کی جانب سے قرارداد جمع، انہوں نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمت میں ایک روپیہ چھیاسٹھ پیسے اضافہ قابل مذمت ہے۔
تفصیلات کے مطابق بجلی قیمتوں میں اضافے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد میں ایم پی اے اسوہ آفتاب کا کہنا ہے کہ بجلی کی قیمت میں اضافہ مہنگائی میں پسے عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے، حکومت اپنی نا کام معاشی پالیسیوں کا ملبہ عوام پر مہنگائی کی صورت میں ڈال رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک سال کے دوران حکومت گیس کی قیمتوں میں 200 فیصد تک اضافہ کرچکی ہے اور ہر ماہ بجلی، گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ حکومت کی ناکام معاشی پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان بجلی کی قیمت میں اضافہ مسترد کرتا ہے اورمطالبہ کرتا ہے کہ بجلی کی قیمت میں اضافہ فوری واپس لیا جائے۔