عمر اسلم: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود کے متنازع بیان سے پیدا ہونے والے سیاسی بھونچال کے بعد پارٹی نے اہم فیصلہ کر لیا۔ صدر ن لیگ شہبازشریف نے رانا مشہود کی پارٹی رکنیت معطل کر دی ہے۔
پارٹی صدر نے متنازع بیان پر بازپرس کے لیے 3 رکنی کمیٹی تشکیل بھی دے دی ہے۔ نوازشریف نے رانا مشہود سے متعلق سوال کا جواب دینے سے گریز کا دامن تھام لیا۔ راجہ ظفر الحق، ایازصادق اور رانا تنویر پر مشتمل 3رکنی کمیٹی ان کے متنازع بیان پر بازپرس کرے گی۔ شہبازشریف کا کہنا ہے کہ رانا مشہود کا بیان بے بنیاد ہے، جس کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں۔
نواز شریف سے احتساب عدالت میں رانا مشہود کے بیان سے متعلق سوال کیا گیا تو سابق وزیراعظم بولے ان کا ذہن کسی اور کیفیت میں ہے اور آپ سیاسی سوال کر رہے ہیں۔ نوازشریف نے جواب میں غالب کا شعر بھی سنایا
غالب ہمیں نہ چھیڑ کہ پھر جوش اشک سے
بیٹھے ہیں ہم تہیہ طوفاں کیے ہوئے
ذرائع کے مطابق رانا مشہود کے انتہائی متنازع بیان پر ن لیگ کی قیادت شدید تنقید کی زد میں ہے۔ بیان میں کتنی صداقت ہے اس کا فیصلہ تو آنے والا وقت ہی کرے گا۔