(ملک اشرف ) لاہورہائیکورٹ نے عدالت کے حکم کونظر انداز کرنے پر لیسکو چیف مجاہد پرویزچھٹہ کونوٹس جاری کرتےہوئےجواب طلب کرلیا ۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس علی باقر نجفی نےمرغزار کالونی کے محمد زاہد شیخ کی درخواست پر سماعت کی ، درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ عدالت کے حکم کے برعکس اس کو بجلی کا اضافی بل بھیجا جا رہا ہے ، عدالت نے اسکی درخواست دادرسی کے لیے لیسکو چیف کو بھجوا دی تھی ، عدالت کےسولہ اکتوبر 2017 کےحکم کی پاسداری نہیں کی جا رہی ۔
درخواستگزار نے استدعا کی کہ حکم عدولی پر لیسکو چیف کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے، ہائیکورٹ نے توہین عدالت کرنے پرلیسکو چیف مجاہد پرویزچھٹہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ واضح رہے کہ عدالت نے آئی جی پنجاب پولیس طاہر خان کو بھی عدالتی احکامات کی حکم عدولی کر نے پر نوٹس جاری کیا ہوا ہے۔