(عمر اسلم) اپوزیشن لیڈ ر حمزہ شہباز شریف کا کہناتھا کہ مسلم لیگ ن اقتدار کےلئے سیاست نہیں کر رہی ہم چاہتے ہیں کہ جعلی مینڈیٹ والی حکومت کی حقیقت سے عوام مکمل آگاہ ہوں۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف کا پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے بڑے بڑے دعوے کئے کہ ہم اشیاء کی قیمتیں نہیں بڑھائیں گے ، ایٹمی پاکستان کے پاس پیسے نہیں اور بھینسوں کی نیلامی ہو رہی ہے ، بجلی گیس کی قیمتیں کہتے تھے کہ نہیں بڑھائیں گے لیکن حقیقت سب کے سامنے ہے بڑھا دی گئیں،اسد عمر کا کہنا تھا کہ ہم آئی ایم ایف سے قرضہ نہیں لیں گے مگر آج کہتے ہیں کہ ہمارے پاس قرضہ لینے کے علاوہ کو ئی آپشن نہیں ہے،عمران خان کا تین سوڈیم بنانے کا دعویٰ مٹی میں مل گیا ، عمران خان صرف عوام سے جھوٹ بول رہے ہیں صحت پر کٹوتی لگا دی ہے ۔
پی ٹی آئی کا جھوٹ سب کے سامنے آگیا ہے گورنر ہاؤس کو عوام کے لیے کھولنا عزت کا معیار اوراپنی سیاست چمکانا ہے ، وزیر اعظم ہاؤس کو لائبریری میں تبدیل کر دیں گے اس سے بائیس کروڑ عوام کا پیٹ نہیں بھرتا ڈرامے بازیاں بند کریں، ابھی تو جمعہ جمعہ آٹھ دن ہو ئے ہیں گھوڑا بھی ہے میدان بھی دیکھتے ہیں کہاں تک دوڑتا ہے، اس کے علاوہ ہم نے پیپلزپارٹی کی حکومت کی مدت کو پورا ہونے دیا، میاں نوازشریف کےپاس آپشن موجود تھا کہ وہ وینٹی لیٹر پر اپنی بیوی کے پاس رک جاتا لیکن سب کچھ چھوڑ کر آگئے۔
اپوزیشن لیڈر کا مزید کہناتھا کہ گزشتہ روز رانا مشہود نے جو بیان دیا وہ ان کا ذاتی موقف ہے ہمارا موقف نہیں ہے، وزیرا علیٰ پنجاب کے حوالے سے بات کرتے ہو ئے کہا کہ سردار عثمان بزدار کے اردگرد علیم خان پرویز الہی قبضہ گروپ ہیں ۔