سٹی42: پنجاب حکومت کی سینئیر وزیر مریم اورنگزیب نے افواہوں کے غبارے میں سوئی چبھو دی، انہوں نے صاف بتا دیا کہ حکومت پنجاب پی آئی اے نہیں خرید رہی، جھوٹی خبر پھیلائی جا رہی ہے ۔
لاہور میں نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے پنجاب حکومت کی جانب سے پی آئی اے کو خریدنے کی افواہ کی تردید کی۔
افواہ پھیلانے والوں نے بڑے یقین کے ساتھ دعویٰ کیا تھا کہ پنجاب کی حکومت پی آئی اے کو خریدنے کا منصوبہ بنا چکی ہے، پی آئی اے کو خریدنے کے لئے پنجاب کی حکومت نجی شعبے سے بھی سرمایہ لے گی اور اسے حصہ دار بنائے گی اور یہ بھی کہ حکومت پنجاب نے پنجاب ائیرلائن کے نام سے ائیرلائن لانچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان افواہوں کی بنیاد مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف کا واشنگٹن میں یہ مختصر بیان تھا کہ مریم نواز نے ان سے پی آئی اے کو خریدنے کے متعلق مشورہ مانگا ہے۔
اس بیان کے بعد میاں نواز شریف نے لندن پہنچ کر مزید وضاحت کر دی لیکن اس دوران افواہ سازوں نے "ذرائع" کے حوالے سے یہ بھی دریافت کر لیا کہ " پنجاب ایئرلائن کی فزیبیلٹی پرکام شروع کردیا گیا ہے، پنجاب ائیرلائن پرائیویٹ سرمایہ کاروں کے اشتراک سے لائی جائےگی، پنجاب ائیرلائن میں حکومت پنجاب کے شئیرز بھی ہوں گے۔"
خیال رہےکہ گزشتہ روز نواز شریف نے امریکا میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز پی آئی اے کی خریداری سے متعلق غور کر رہی ہیں، مریم نواز نے اس سلسلے میں اُن سے صلاح مشورہ بھی کیا ہے، مریم نےکہا ہے کہ اُس ائیرلائن کا نام ائیر پنجاب رکھا جاسکتا ہے۔ نواز شریف نے بتایا تھا کہ انہوں نے مریم نواز سےکہا کہ آپ پی آئی اے کو خرید بھی سکتی ہیں اور نئی ائیرلائن بھی بنا سکتی ہیں۔
امریکا سے لندن واپس پہنچنے پر آج میڈیا سےگفتگو میں نواز شریف نے کہا کہ انہوں نے مریم نواز کی جانب سے پی آئی اے خریداری پر غور کی جو بات کی اس پر مزید کام کا ارادہ ہے، ا گر ایسا ہو جائے تو ملک کو ایک اچھی ائیر لائن میسر آئےگی۔
تاہم نہ نواز شریف نے یہ کہا نہ ہی ہنجاب حکومت کے کسی بھی ذمہ دار نے یہ کہا کہ پنجاب کی حکومت نے رسمی طور پر ایسی کسی تجزیو پر کسی بھی فورم پر غور کیا ہے۔ اس کے باوجود افواہ ساز فیکٹریوں نے نہ صرف "پی آئی اے کو خریدنے کی فزیبلٹی " پر سرکاری چھٹی کے روز کام شروع کروا دیا بلکہ "کمپنی کا نام" فزیبلٹی کا کام شروع ہونے سے پہلے ہی فائنل کر دیا اور اس کے"پرائیویٹ شراکت دار" بھی گھڑ لئے
میڈیا آؤٹ لیٹس کو اتوار کی چھٹی کے روز جب خبروں کی قلت ہوتی ہے، یہ ہیڈ لائن مل گئی کہ "حکومت پنجاب نے پنجاب ائیر کے نام سے ائیرلائن شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا"
یہ افواہ اتنی تیزی سے پھیلائی گئی کہ پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب کو پنجاب حکومت کے پی آئی کو خریدنے کے منصوبہ کی تردید کرنا پڑی اور انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب پی آئی اے نہیں خرید رہی، جھوٹی خبر پھیلائی جا رہی ہے ۔
دوسری طرف مسلم لیگ نون کے صدر نواز شریف نے امریکا سے لندن واپس پہنچنے پر آج میڈیا سےگفتگو میں افواہ سازوں کو مزید مواد دے دیا اور کہا کہ " پنجاب حکومت کی جانب سے پی آئی اے خریداری پر غور کی جو بات کی اس پر مزید کام کرنےکا ارادہ ہے"، "ا گر ایسا ہو جائے تو ملک کو ایک اچھی ائیر لائن میسر آ جائےگی۔"