سٹی42: سموگ کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر پنجاب حکومت نےسرکاری پرائمری سکولوں کو ایک ہفتے کیلئے بند رکھنے کا فیصلہ کر لیا ۔
محکمہ ماحولیات نے چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ، نوٹیفکیشن کے مطابق نرسری سے پانچویں جماعت تک سکولز بند رہیں گے،فیصلے کا اطلاق 4 سے 9 نومبر تک ہوگا۔
اس حوالے سے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے سرکاری پرائمری سکولوں کوایک ہفتےتک بندرکھنےکافیصلہ کیا گیاہے، پلےگروپ سےپرائمری تک کےسکول ایک ہفتےکیلئےبندرہیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے 22اکتوبر کو سکولوں کے اوقات 8 بجکر 45منٹ کیے تھے، سموگ کے باعث لاہور میں پلے گروپ سے پرائمری کلاس تک کو ایک ہفتے کی چھٹی دے رہے ہیں، سرکاری و نجی سکولوں کو ایک ہفتے تک بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کررہے ہیں، پرائمری کلاسوں سے اوپر بچوں کی صحت پر خصوصی نظر رکھی جائے گی۔
سینئر صوبائی وزیر کا عوام سے اپیل کرتے ہوئےکہنا تھا کہ عوام احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں،بزرگ، بیمار اور بچے خاص طور پر احتیاط کریں۔ماسک لازمی پہنیں، غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ بھارت سےسموگ آئی اورایک دم پھیل گئی،بھارت سےآنیوالی ہواؤں سےلاہورسب سےزیادہ متاثرہوا ہے۔ گزشتہ روزلاہورمیں فضائی آلودگی کی شرح1067ریکارڈکی گئی جبکہ لاہوربارڈرکےعلاقےمیں آلودگی کی شرح1ہزارسےتجاوزکرگئی ہے۔ لاہورمیں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح1194ریکارڈکی گئی اور لاہورفضائی آلودگی کےاعتبارسےدنیامیں پہلےنمبرپرآگیا ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نوازنےسموگ پرقابوپانےکیلئےتمام متعلقہ اداروں کواہداف دیئے ہیں۔سموگ سےبچاؤکے لیےحکومتی پلان پرسختی سےعملدرآمدکرایاجارہاہے۔اُن کا مزید کہنا ہے کہ پہلی بارسموگ سےنمٹنےکیلئے8ماہ سےکام کیاجارہاہے، ماحولیاتی تحفظ کےادارےمیں قائم’’وارروم‘‘24گھنٹےجنگی بنیادوں پرکام کرہاہے۔غیرقانونی بھٹوں کومسمارکیاجارہاہے اور فیکٹریوں کی چیکنگ بھی کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ سموگ کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر پنجاب حکومت نے پنجاب بھر میں انسداد سموگ کے تحت فصلوں کی باقیات، کوڑا کرکٹ اور ٹائر جلانے پر پابندی عائد کرتے ہوئے تمام ڈی سیز کو ریلیف کمشنرز کے اختیارات سونپ دئیے۔