عابدچوہدری: سگیاں پل پر تہرے قتل کی واردات کا مقدمہ درج,مقدمہ مقتول کے بھائی جعفر کی مدعیت میں عرفان،عثمان اور رمضان سمیت دیگر کے خلاف درج کیا گیا۔
پولیس کے مطابق تہرے قتل کی واردات دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ ہے، 2015 میں قتل میں ہونے والے خاندان کے افراد نے مقتولین پر حملہ کیا،حملہ میں تین افراد موقع پر دم توڑ گئے تھے،رکشہ ڈرائیور محفوظ رہا۔
فائرنگ سے صفدر، یاسر اور ناصر موقع پر جاں بحق ہوئے جبکہ جعفر میو ہسپتال میں زیرعلاج ہے، چوہنگ کا رہائشی خاندان پیشی کے لیے بیگم کورٹ پہنچا توملزمان نے حملہ کر دیا۔
پولیس کا کہناتھا کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار حملہ آوروں نے مقتولین پر فائرنگ کی،مقتولین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی جائیں گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سگیاں پل کے قریب سگیاں روڈ پر 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزموں نے فائرنگ کر کے باپ صفدر اور اس کے 2 بیٹوں یاسر اور ناصر کو موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ فائر نگ کی زد میں آکر مقتول کا ایک بیٹا زخمی ہوا اور ایک رشتے دار نے موقع سے بھاگ کر اپنی جان بچائی، قتل ہونے والے باپ بیٹے رکشہ میں عدالت پیشی پر جارہے تھے۔
ایس پی سٹی علی رضا کا کہنا تھا کہ قتل کرنے والا مقتول کا سگا بھائی عبدالغفو ر ہے،اس نے 2015میں ہونےوالے اپنے بیٹے محمد افضل کے قتل کا بدلہ لینےکے لئے اپنے بھائی اور بھتیجو ں کو قتل کیا۔
پولیس نے عبدالغفور اور اس کے بیٹوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے ملزموں کی گرفتاری کے لئے 3ٹیمیں تشکیل دے دیں ،ملزم اپنے گھروں کو تالے لگا کر فرارہو چکے ہیں ۔ تہرے قتل پر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی اور ملزموں کو جلد گرفتار کرنے کا حکم دیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے بھی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزموں کی فوری گرفتاری کا حکم دیاہے ۔