(عثمان خادم کمبوہ، وقاص احمد)رائیونڈ تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ اجتماعی دعا اوررقت آمیزمناظر کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیاجس کے بعد تبلیغی اجتماع کے شرکاء اپنے اپنے علاقوں کو واپس روانہ ہونے لگے،موہلنوال چوک سمیت تبلیغی مرکز کے اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ بڑھ گیا۔
رائیونڈ تبلیغی اجتماع کے پہلے مرحلہ میں اختتامی دعا مولانا ابراہیم دیولہ آف انڈیا نے کروائی،شرکاء خدا کے حضور گڑگڑا کر امت مسلمہ کے اتحاد اوراسلام کی سربلندی کے لئے دعائیں کرتے رہے۔
عالمی تبلیغی اجتماع میں مولانا ابراہیم دیولہ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مانگنا اللہ تعالیٰ سے ہے، دینا بھی اللہ تعالیٰ نے ہے، پرامید ہوکر اپنی حاجتوں کو اللہ سے مانگا کرو،مانگنے والوں سے اللہ تعالیٰ راضی ہے اوردعا کبھی رد نہیں ہوتی بلکہ دعا قبول ہوتی ہے۔
اجتماعی دعا کے بعد مندوبین کی واپسی کا سلسلہ شروع ہو گیا،تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ سات نومبر کو شروع ہو گا۔
تبلیغی اجتماع کے پہلے مرحلے میں دعاکے بعداجتماع کے شرکااپنے اپنے شہروں کو واپس روانہ ہوگئے،بہت زیادہ رش کی وجہ سے رائیونڈ روڈ کو شرکاء کی واپسی کیلئے ون وے کردیاگیا ہے۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے ایک پلان ترتیب دیاگیاہے،اس حوالے سے سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کاکہناہے کہ سب سے پہلے موٹرسائیکل اسٹینڈز اور رکشہ اسٹیندز خالی کروائے جائیں گے،دوسرے مرحلہ میں کاریں اور ویگین اسٹینڈز خالی کروائے جائیں گے، بسیں اور ٹرک اسٹینڈز آخر میں خالی کروائے جائیں گے۔
سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کاکہناہے کہ شہری رائے ونڈ جانے والے راستوں پر سفر سے گریز کریں کیونکہ رائے ونڈ جانے والے تمام راستوں کو بند کردیا گیا ہے۔