ویب ڈیسک: معروف پاکستانی اداکارہ نرگس پر مبینہ تشددکے مقدمے میں نامزد اُن کے شوہر انسپکٹر ماجد بشیر کو مقامی عدالت سے ریلیف مل گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ نرگس کی جانب سے درج مقدمے میں نامزد ماجد بشیر نے گرفتاری سے بچنے کیلئے 18 نومبر تک عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کرلی۔
اداکارہ نرگس کے شوہر انسپکٹر ماجد بشیر نے مؤقف اختیار کیاکہ میری اہلیہ باکردار عورت ہے، جھگڑے ہر گھر میں ہوجاتے ہیں۔اُن کا کہنا تھا کہ جھگڑا ہمارا ذاتی معاملہ ہے، نرگس ابھی بھی میرے نکاح میں ہے، میاں بیوی کے درمیان جھگڑے ہر گھر میں ہو جاتے ہیں۔ جو لوگ اس واقعہ پر کیچڑ اچھال رہے ہیں یا کوشش کررہے ہیں ان کے خلاف قانونی کارروائی بھی کروں گا اور ہر وہ حربہ استعمال کروں گا جو ایک عزت دار انسان کرتا ہے۔
واضح رہے کہ اداکارہ نرگس پرتشدد کا واقعہ ان کی ڈیفنس میں واقع رہائش گاہ پر پیش آیا،اداکارہ کا الزام ہے کہ شوہر انسپکٹر ماجد بشیر نے سرکاری پستول کے بٹ مار کر تشدد کیا اور بالوں سے گھسیٹ کر جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتا رہا، متاثرہ اداکارہ کی مدعیت میں تھانہ ڈیفنس سی میں شوہر ماجد بشیر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق اداکارہ نرگس نے الزام عائد کیا کہ صبح نماز فجر کے بعد ان کا خاوند ماجد بشیر گھر آیا اور بھاری رقم کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک خاتون مریم کو گھر لانا چاہتا ہے،نرگس کے انکار پر ان کے درمیان جھگڑا شروع ہو گیا۔ شوہر ماجد بشیر اس کی جائیداد کے کاغذات، کیش اور فارم ہاؤس اپنے نام کروانا چاہتا تھا، ملزم 9 کنال کا پلاٹ بھی ہڑپ کرنا چاہتا ہے،ایسا کرنے سے انکار پر اس نے تشدد کا نشانہ بنایا،سرکاری پسٹل سے چہرے پر لگاتار وار کیے اور گھریلو عملے اور بھانجے کے سامنے تشدد کیا اور کمرے میں بند کر دیا۔اداکارہ نے الزام عائد کیا کہ ملزم نے یہ دھمکی بھی دی کہ فارم ہاؤس،سونا اور مزید رقم نہ دی تو وہ اسے قتل کردے گا۔
اداکارہ کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈٖیا پر وائرل ہے جس میں وہ اپنے جسم پر موجود زخموں کو دکھارہی ہیں۔
یاد رہے کہ اداکارہ نرگس نے چند برس پہلے انسپکٹر ماجد بشیر سے شادی کی تھی،وہ شادی کے بعد شوبز کو خیر باد کہہ کر بیوٹی سیلون چلا رہی ہیں۔