روپیہ کی درگت کا مسلسل پندرھواں روز،انٹربینک میں ڈالر کی ویلیو مزید بڑھ گئی

3 Nov, 2023 | 05:14 PM

اشرف خان: پاکستان کے انٹربینک میں جمعہ کے روز روپیہ کے مقابلہ میں ڈالر کی ویلیو میں اضافہ کا رجحان جاری رہا۔

جمعہ کے روز جو پاکستان میں ہفتہ کا آخری کاروباری دن ہوتا ہے، ڈالر مزید اڑان بھر کر روپیہ کے مقابلہ میں 88پیسے مہنگا ہوگیا۔
مالیاتی مارکیٹ کے مبصرین کی جانب سے درآمدی بل اور بیرونی قرض کی ادائیگی کے باعث ڈالر کے ریاستی ذخائر پر پڑنے والے دباؤ کو  گزشتہ چند روز سے ڈالر کے انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں مسلسل مہنگا ہونے کی بڑی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ 

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق انٹربینک میں امریکی ڈالر  روپیہ کے مقابل 284 روپے سے تجاوز کرگیا۔
جمعرات کی شام انٹربینک میں ڈالر 283.43 روپے پر بند ہوا تھا، جمعہ کے روز یہ 88 پیسےبڑھ کر 284.31 روپے پر بند ہوا۔

اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے  مطابق 15 روز میںروپیہ کے مقابلہ میں ڈالر7 روپے 48 پیسے مہنگا ہوچکا ہے۔
16 اکتوبر کو انٹربینک میں ڈالر 276.83 روپے پر تھا جو گزشتہ کئی ماہ میں ڈالر کی کمترین ویلیو تھی۔

جمعہ کے روز اوپن مارکیٹ

اوپن مارکیٹ میں بھی جمعہ کے روز روپیہ کے مقابل ڈالر کی قیمت بڑھ گئی۔اوپن مارکیٹ میں ڈالر 50 پیسے مہنگا ہو کر 285 روپے پر پہنچ گیا۔

یورو بھی 2 روپے اضافے سے 302 روپے پر آگیا۔برطانوی پاؤنڈ 2 روپے اضافے سے 346.50 روپے پر آگیا۔اماراتی درہم 50 پیسے مہنگا ہوکر 80.20 روپے پر آگیا۔سعودی ریال 50 پیسے اضافے سے 76.50 روپے کا ہوگیا

مزیدخبریں