(مانیٹرنگ ڈیسک) پی ٹی آئی کے لانگ مارچ نے شہریوں کو ذہنی اذیت میں مبتلا کردیا، گوجرانوالہ کے بعد راولپنڈی میں بھی پاکستان تحریکِ انصاف کے لانگ مارچ کے خلاف بینرز لگ گئے ۔
راولپنڈی میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے خلاف سول سوسائٹی کی جانب سے مری روڈ پر بینرز آویزاں کیے گئے ہیں۔سول سوسائٹی کی جانب سے لگائے گئے ان بینرز میں جلسے جلوس بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔سول سوسائٹی کی جانب سے آج لیاقت باغ سے لانگ مارچ مخالف ریلی بھی نکالی جائے گی۔
اس سے قبل گوجرانوالہ میں اہلیانِ گوجرانوالہ کی جانب سے مختلف جگہوں پر پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ، سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف بینرز آویزاں کیے گئے تھے۔
واضح رہے کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ قیادت پی ٹی آئی نے گزشتہ جمعے (28 اکتوبر) کو لاہور سے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ شروع کیا ہے۔
گزشتہ روز عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے کہ ہماری تحریک اسلام آباد جا کر ختم ہو جائے گی، ہماری تحریک 10 مہینے تک چلتی رہے گی جب تک الیکشن نہیں ہوتے۔