لاہور میں دل دہلا دینے والا واقعہ

3 Nov, 2022 | 01:26 PM

(مانیٹرنگ ڈیسک) صوبائی دارالحکومت لاہور  میں داماد نے اپنی ساس کو مبینہ زیادتی کے بعد پیٹرول چھڑک کر آگ لگادی۔

شیراکوٹ تھانے کی حدود میں پیش آنے والے واقعے کے بعد زخمی 40 سالہ خاتون شازیہ بی بی نے پولیس کو بتایا کہ داماد بیٹی کی وفات کے بعد مجھ سے شادی کرنا چاہتا تھا اور میرے انکار پر زبردستی زیادتی کی اور پھر پٹرول چھڑک کر آگ لگادی۔ پولیس نے متاثرہ خاتون کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے داماد محمود کو گرفتار کرلیا۔

ایس پی اقبال ٹاؤن ڈاکٹر عمارہ شیرازی نے اطلاع موصول ہونے پر فوری کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے ایس ڈی پی او نواں کوٹ کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دیدی۔  ملزم کے خلاف درج مقدمے میں مبینہ زیادتی اور اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ پولیس ٹیم نے رات گئے کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمود کو گرفتار کیا۔

ایس ایچ او شیراکوٹ سید تیمور کے مطابق ملزم کو گرفتار کرکے انویسٹی گیشن ونگ کےحوالے کر دیا گیا ہے۔ ایس پی اقبال ٹاؤن ڈاکٹر عمارہ شیرازی نے کہا کہ خواتین سے زیادتی وہراساں کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

 

مزیدخبریں