حقیقی آزادی مارچ کا ساتواں روز، آج عمران خان کی زیر قیادت وزیر آباد سے شروع ہوگا

3 Nov, 2022 | 10:28 AM

Ansa Awais

ویب ڈیسک: حقیقی آزادی لانگ مارچ ساتویں روز آج وزیر آباد سے پارٹی چیئرمین  عمران خان کی زیر قیادت اپنی اگلی منزل کی جانب سفر کا آغاز کرے گا۔

نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے حقیقی آزادی مارچ آج ساتویں روز دوپہر ایک بجے وزیرآباد سے اپنی اگلی منزل کی جانب دوبارہ سفر کا آغاز کرے گا عمران خان قیادت کے لیے اپنی رہائشگاہ زمان پارک سے وزیر آباد خضریٰ چوک پہنچیں گے۔

عمران خان کے خضریٰ چوک پہنچنے پر ان کا پرتپاک استقبال کیا جائے گا جس کے لیے مختلف مقامات پر استقبالیہ کیمپ قائم کیے جا رہے ہیں جب کہ کارکن صبح سے ہی وہاں پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔کھلاڑی اپنے کپتان کا مختلف مقامات پر پھول نچھاور کرکے شاندار استقبال کریں گے اور آتشبازی کا بھی مظاہرہ کیا جائے گا لانگ مارچ خضریٰ چوک سے کپتان کی قیادت میں مولانا ظفر علی خان چوک پر پہنچے گا جہاں عمران خان شرکا سے خطاب کرکے ان کا لہو گرمائیں گے جس کے بعد لانگ مارچ گجرات کی جانب رواں دواں ہو جائے گا۔

حقیقی آزادی مارچ کے شرکا نے چھٹے روز گکھر منڈی پہنچ کر پڑاؤ ڈالا تھا اور رات وہیں قیام کیا تھا، پنڈی بائی پاس پر پہلوانوں نے عمران خان کو گرز کا تحفہ بھی پیش کیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز عمران خان نے حقیقی آزادی تحریک 10 ماہ تک جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

مزیدخبریں