فخر زمان کی جگہ محمد حارث کو پاکستان اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا

3 Nov, 2022 | 08:33 AM

ویب ڈیسک:انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ٹیکنیکل کمیٹی نے پاکستانی ٹیم میں گھٹنے کی انجری کا شکار فخر زمان کی جگہ محمد حارث کی شمولیت کی منظوری دے دی، محمد حارث پاکستان ٹیم کے ریزرو کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل تھے۔

ٹیم مینجمنٹ نے فخر زمان کی جگہ محمد حارث کو شامل کرنے کی درخواست کی تھی۔ورلڈ کپ سے قبل گھٹنے کی انجری کا شکار فخر زمان کو پاکستان ٹیم نے اسکواڈ کا حصہ بنایا تھا انہیں، ان فٹ عثمان قادر کی جگہ ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا۔ فخر زمان بھارت اور زمبابوے کے خلاف تو میچ نہیں کھیلے تھے البتہ انہیں نیدرلینڈ کے خلاف میچ میں موقع دیا گیا جہاں وہ دوبارہ انجری کا شکار ہوگئے۔

ٹیم ڈاکٹر نجیب سومرو نے گزشتہ روز سڈنی میں میڈیا سے گفتگو میں تسلیم کیا تھا کہ انجری کا شکار فخر زمان کو کھلا کر رسک لیا گیا تھا جس میں کبھی کامیابی تو  کبھی ناکامی ملتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فخر زمان کی انجری کے بعد ٹیم مینجمنٹ نے آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی سے ریزرو کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل محمد حارث کو شامل کرنے کی درخواست کی گئی تھی جو منظور کرلی گئی ہے۔

وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث ریزرو کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل تھے جو آسٹریلیا میں ٹیم کے ساتھ ٹریول کررہے ہیں جنوبی افریقا کے خلاف اہم میچ میں فخر زمان کی جگہ محمد حارث کو موقع دیا جاسکتا ہے۔

مزیدخبریں