دیوسماج روڈ (راؤ دلشاد) کمشنر لاہور کیپٹن( ر) محمد عثمان کی زیر صدارت انسداد سموگ مہم کے حوالے سے اجلاس، کچرے کو آگ لگانے پر ایم سی ایل، ایل ڈبلیو ایم سی اورپی ایچ اے کی مشترکہ ٹیم کریک ڈاؤن کرے گی۔
انسداد سموگ اجلاس میں کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا کہ کچرے کو آگ لگانا جرم ہے، ایسا کرنے پر مقدمہ درج ہوگا، ضلعی محکمہ ماحولیات روزانہ کی بنیاد پر مصدقہ سموگ انڈیکس جاری کرے گا، مختلف ذرائع سے غیر مصدقہ سموگ انڈیکس کا سدباب ناگزیر ہے،زرعی زمینوں پر فصلوں کی باقیات جلانے پر ڈی سیز سخت ایکشن لیکر روزانہ رپورٹ دیں گے،سیکرٹری آر ٹی اے ،ٹریفک پولیس دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو قبضہ میں لیکر بند کریں۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری عمارتوں کے اندر بھی میونسپل کچرے کو جلانے پر ہر صورت ایف آئی آر درج کی جائے، لاہور میں اس وقت شالامار اور واہگہ ٹائونز سموگ سے متاثر ہیں، اجلاس میں دی گئی بریفنگ میں بتایا گیاکہ انڈیا میں بڑے پیمانے پر فصلوں کی باقیات جلانے کے باعث ان ٹاونز میں سموگ آئی ہے، محکمہ ماحولیات سموگ پر مصدقہ اطلاعات کے اعداد و شمار روزانہ ذرائع ابلاغ کو جاری کر رہا ہے۔