فواد چوہدری بڑی مشکل میں پھنس گئے

3 Nov, 2020 | 06:26 PM

Arslan Sheikh
Read more!

( سٹی 42 ) سردار ایاز صادق کے بعد اب وفاقی وزیر فواد چوہدری کیخلاف غداری کے مقدمے کے اندراج کی درخواست تھانہ سول لائنز میں دائر کروا دی گئی۔

نیشنل اسمبلی میں سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی تقریر پر تھانے سول لائنز میں درخواست دی گئی تھی، جس پر تاحال کوئی کارروائی نہ ہوئی تاہم اب قومی اسمبلی میں فواد چوہدری کی تقریر پر بھی درخواست ایڈووکیٹ روحیل اصغر کی جانب سے تھانہ سول لائنز میں دی گئی ہے۔

درخواست میں فواد چوہدری کے قومی اسمبلی اجلاس میں پلوامہ بیان کو بنیاد بنایا گیا۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ فواد چوہدری کیخلاف غداری کا مقدمہ درج کیا جائے، پولیس نے درخواست کو قانونی مشاورت کے لیے لیگل ڈیپارٹمنٹ کو بھجوا دیا ہے۔

واضح رہے سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کیخلاف تھانہ سول لائنز لاہور میں غداری کے مقدمہ درج کرنے کی درخواست دے دی گئی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ درخواست پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ ایاز صادق نے قومی اسمبلی میں بھارتی فوج کے حق میں بیان دیا جبکہ پاک فوج کیخلاف پروپیگنڈا کیا گیا، ایاز صادق کی تقریر سے ملکی سالمیت کو نقصان پہنچا ہے جوکہ غداری کے زمرے میں آتا ہے لہذا ایاز صادق کیخلاف غداری کا مقدمہ درج کیا جائے۔ ایس ایس پی جمیل ظفر کا کہنا ہے کہ درخواست موصول ہوئی ہے، افسران کی احکامات کی روشنی میں کارروائی ہوگی۔

دوسری جانب حکومت نے ایاز صادق کے خلاف کارروائی کا عندیہ دے دیا۔ شبلی فراز نے کہا لیگی رہنما کی کہی ہوئی بات معافی سے آگے نکل چکی ہے، اب قانون اپنا راستہ لے گا، ریاست کو کمزور کرنا ناقابل معافی جرم ہے، اس کی سزا ایاز صادق اور ان کے حواریوں کو ضرور ملنی چاہیے، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

مزیدخبریں