( شہزاد خان ابدالی ) شہر کے صرافہ بازاروں میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار ہے، منگل کے روز سونے کی قیمتوں میں 500 روپے فی تولہ کا اضافہ دیکھا گیا۔ جیولرز اور صارفین نے سونے کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
صرافہ بازاروں میں سونا 500 روپے مزید مہنگا ہوگیا، جس کے بعد خالص 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت 1 لاکھ 14 ہزار 400 روپے رہی اسی طرح بائیس قیراط فی تولہ سونے کے نرخ 1 لاکھ 4 ہزار 866 روپے رہے جبکہ اکیس قیراط فی تولہ سونا 1 لاکھ 100 روپے میں فروخت ہوا۔
اسی طرح صرافہ بازاروں میں فی تولہ چاندی کی قیمت 1190 روپے ریکارڈ کی گئی۔ صرافہ مارکیٹوں کے جیولرز نے سونے کی بڑھتی قیمتوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ جیولرز نے کہا کہ سونے کی قیمتوں میں اضافہ تشویشناک ہے۔ اس سے اس سیکٹر کی تجارت پر منفی اثرات مرتب ہونگے۔ سونے کے صارفین نے کہا کہ سونا کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے اب متوسط طبقہ سونا خریدنے کا تصور بھی نہیں کرسکتا۔