آئی ایم ایف نے نیا مطالبہ کردیا

3 Nov, 2020 | 11:49 AM

Azhar Thiraj

سٹی 42 :روز بروز بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کا جینا محال کردیا،گوشت تو گوشت دال اور سبزیاں بھی عوام کی پہنچ سے باہوگئی ہیں،مارکیٹ سے چینی اور آٹا غائب ہے ،جو مل رہا ہے عام آدمی اس کو خریدنے کی سکت نہیں رکھتا ۔ عوامی ایندھن ایل پی جی مزید مہنگی، پیٹرولیم مصنوعات میں اونٹ کے منہ میں زیرہ دینے کے برابر کمی اور اشیاءخوردنوش کی  قیمتوں میں اضافے نے عوام کے چھکے چھڑادیئے ہیں ۔اب مزید مہنگائی بڑھنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

آئی ایم ایف نے پاکستان سے توانائی کے شعبے کے گردشی قرض میں ایک ہزار ارب روپے کی کمی کا مطالبہ کردیا۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے گردشی قرضوں میں کمی لانے کا مطالبہ عالمی بینک کے ذریعے کیا ہے اور آئی ایم ایف کا کہنا ہےکہ گردشی قرض سے متعلق معاملات پر عالمی بینک ہی پاکستانی حکام سے مذاکرات کررہا ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا ہے کہ گردشی قرض میں کمی لانے کے لیے اس ادائیگی کے لیے بجلی کے  نرخوں میں مزید اضافہ کیا جائے یا دوسرے آپشن کے تحت حکومت پاکستان گردشی قرض کی مد میں ایک ہزارارب روپے اپنے وسائل سے ادا کرے۔

ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف کا مؤقف ہے کہ اس ادائیگی سے قبل آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام شروع ہونے کا امکان نہیں۔ پاکستان کے توانائی کے شعبے کے گردشی قرض کا حجم اس وقت 2 ہزار 266 ارب روپے ہے۔
 

مزیدخبریں