ملک محمد اشرف : لاہور ہائیکورٹ میں فراڈ کے ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت،عدالت نے ملزم کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔ ملزم محمد علی کی فرار کی کوشش ،پکڑنے کی کوشش پر مدعی اور ملزم کی ہاتھا پائی،ہائیکورٹ کی سکیورٹی کے جوان نے مدعی اور ملزم دونوں کو حراست میں لے لیا ۔
لاہور ہائیکورٹ کی جج جسٹس عالیہ نیلم نے ملزم محمد علی کی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت کی ، کوتوالی کا رہائشی ملزم محمد علی اپنے وکیل کے ہمراہ پیش ہوا ۔وکیل صفائی نے موقف اختیار کیا کہ جھنگ کوتوالی پولیس نے محمد طاہر مرزا کی مدعیت میں فراڈ کا مقدمہ درج کیا ۔پلاٹ کے لین دین کا معاملہ تھا فراڈ کا بلاجواز مقدمہ درج کیا گیا ،ملزم بےقصور ہے ۔
مدعی مقدمہ کاکہناتھا کہ ملزم نے میرے داداکی جعلی رجسٹری بنا کر سات مرلہ پلاٹ فروخت کرنے کی کوشش کی ۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نےکہاکہ پولیس کی ابتدائی تفتیش میں ملزم قصوروار ہے ،اس کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرنا ہے ۔عدالت نے فریقین کا موقف سننےکےبعد ملزم کی عبوری ضمانت خارج کر دی ۔ضمانت خارج ہوتے ہی ملزم نے پولیس کو چکمہ دے کر فرارہونے کی کوشش کی تاہم مدعی کے پکڑنے پر دونوں الجھ پڑے، ہائیکورٹ کے سکیورٹی اہلکار نے دونوں کو حراست میں لے لیا۔
یاد رہے لاہورسمیت صوبہ بھر کی سول اور سیشن عدالتوں میں پیر سےجمعرات اور ہفتہ کےروز عدالتی اوقات کار صبح نو بجے سے چاربجے تک ہوں گےجبکہ جمعہ کےروزصبح نوسےایک بجےتک مقدمات کی سماعت ہوگی،ماتحت عدالتوں میں پیرسےجمعرات اورہفتہ کوایک سےڈیڑھ بجے تک کھانےاورنماز کا وقفہ ہوگا۔
چیف جسٹس ہائیکورٹ محمد قاسم خان کی منظوری کےبعد ماتحت عدالتوں میں اوقات کار تبدیل کرنےسےمتعلق نوٹی فکیشن جاری کیاگیا تھا،عدالتی اوقات کار تبدیلی کےنوٹی فکیشن کی نقول تمام سیشن ججزسمیت متعلقہ اداروں کوبھجوا دی گئی ہیں۔