(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح چار فیصد سے بڑھ گئی، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1 ہزار 167 نئے کیسز رپورٹ، 14 کورونا مریض انتقال کرگئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 27 ہزار 984 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے 1 ہزار167 میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد ملک بھر میں مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 36 ہزار260 ہوگئی، سندھ 1 لاکھ 46 ہزار 774 کیسز کے ساتھ سرفہرست ہے، پنجاب میں 1 لاکھ 4 ہزار894، خیبرپختونخوا میں 39 ہزار749، اسلام آباد میں 20 ہزار 243 اور بلوچستان میں 15 ہزار 954 تعداد ہوگئی۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 14افراد جان کی بازی ہار گئے، جس کے بعد کورونا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 6 ہزار849 ہوگئی، ملک بھر میں ایکٹو کیسزکی تعداد 13 ہزار965 ہے، صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 3 لاکھ 15 ہزار446 ہوگئی، اس وقت ملک کے مختلف ہسپتالوں میں 911 مریض زیرعلاج جبکہ 129 وینٹی لیٹر پر موجود ہیں۔
کورونا وائرس کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان نے قومی رابطہ کمیٹی برائے کووڈ 19 کا اجلاس آج طلب کرلیا جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں،اجلاس میں ملک میں کورونا کیسز کا جائزہ لیا جائے گا، تعلیمی اداروں کی بندش، ایس او پیز پر عمل درآمد سمیت اہم معاملات زیر غور آئیں گے۔
علاوہ ازیں تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر فاقی حکومت نے بین الصوبائی وزراء تعلیم کانفرنس بھی 5 نومبر کو طلب کرلی،کانفرنس میں چاروں صوبوں کے وزراء تعلیم شرکت کریں گے۔اجلاس میں موسم سرما کی چھٹیاں دینے یا نہ دینے کا فیصلہ کیا جائے گا،اجلاس میں آٹھویں کے بورڈ کے امتحانات لینے یا نہ لینے کا فیصلہ بھی ہوگا۔